0
Wednesday 24 Mar 2021 12:43

مریم نواز نے نیب کی گرفتاری سے بچنے کے لیے درخواست ضمانت دائر کر دی

مریم نواز نے نیب کی گرفتاری سے بچنے کے لیے درخواست ضمانت دائر کر دی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے جاتی امرا اراضی کیس میں لاہور ہائیکورٹ میں قومی احتساب بیورو کی جانب سے ممکنہ گرفتاری سے بچنے کے لیے درخواست ضمانت دائر کر دی۔ واضح رہے کہ نیب نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر کو اراضی کی مبینہ غیر قانونی منتقلی سے متعلق کیس میں تحقیقات کے لیے 26 مارچ کو طلب کیا تھا۔ مریم نواز نے امجد پرویز ایڈوکیٹ کے ذریعے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی اور نیب کو فریق بنایا۔ دوران سماعت مریم نواز نے مؤقف اختیار کیا کہ جاتی امرا کی اراضی کا مکمل ریکارڈ نیب کے پاس موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے 26 مارچ کو جاتی امرا کیس کی اراضی کے کیس میں طلب کیا ہے جبکہ نیب کو مطلوبہ ریکارڈ فراہم کرچکی ہوں۔

مریم نواز نے کہا کہ نیب نے دو کیسز میں طلبی کے نوٹسز جاری کیے ہیں۔ انہوں نے لاہور ہائیکورٹ سے استدعا کی کہ وہ ضمانت منظور کر کے نیب کو گرفتاری سے روکے۔ مریم نوازکی درخواست ضمانت لاہور ہائیکورٹ میں سماعت کے لیے مقرر کردی۔ جسٹس سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے درخواست پر 12 بجے سماعت کرنا تھی۔ خیال رہے کہ مریم نواز کو جاتی امرا میں تقریباً 1480 کنال اراضی کی مبینہ غیر قانونی منتقلی کی تحقیقات کے لیے 26 مارچ کو طلب کیا تھا۔ نیب کا کہنا تھا کہ 2013 میں شریف خاندان نے کم و بیش ساڑھے 3 ہزار کنال اراضی انتظامیہ کی مبینہ ملی بھگت سے حاصل کی۔


 
خبر کا کوڈ : 923157
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش