QR CodeQR Code

ٹھیکیدار ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کریں، سید مہدی شاہ

16 Aug 2011 16:48

اسلام ٹائمز:کنٹریکٹر ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلٰی گلگت بلتستان کا کہنا تھا کہ ترقیاتی سکیموں کی بروقت تکمیل نہ ہونے کی وجہ سے صوبائی حکومت کی کارکردگی بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔


گلگت:اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں ٹھیکیدار برادری کے مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائینگے۔ کنٹریکٹر ایسوسی ایشن گلگت بلتستان کے صدر شوکت علی کی قیادت میں ملاقاتی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایکسکیلیشن سمیت دیگر معاملات کے حل کے لئے سکریٹری ورکس اور سکریٹری پلاننگ کے ساتھ اجلاس بلایا جائے گا اور تمام مسائل کا باریک بینی کے ساتھ جائزہ لیکر فیصلہ کیا جائے گا۔ وزیراعلٰی گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے اس موقع پر ٹھیکیدار برداری کو ہدایت کی کہ وہ تمام ترقیاتی سکیموں کی بروقت تکمیل کے لئے اپنا کردار ادا کریں کیونکہ ترقیاتی سکیموں کی بروقت تکمیل نہ ہونے کی وجہ سے صوبائی حکومت کی کارکردگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت لوگوں کو ان کے گھر کے دہلیز پر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے اور اس سلسلے میں گلگت بلتستان میں دو نئے اضلاع بھی بنائے جا رہے ہیں، اسی طرح جگلوٹ سٹی کو بھی بہت جلد سب ڈویژن کا درجہ دیا جائے گا، جس سے اس علاقے کے عوام کے مسائل گھر کی دہلیز پر ہی حل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بعض سیاسی جماعتیں اپنی سیاسی دکان چمکانے کے لئے اخباری بیانات جاری کرتی ہیں، گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت عوامی مسائل کے حل کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور پیپلز پارٹی کے علاوہ دیگر سیاسی پارٹیوں کو عوامی مسائل کے حل سے دلچسپی ہے تو وہ بھی تنقید برائے تنقید کی پالیسی ترک کرتے ہوئے مسائل کے حل کے لئے اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔


خبر کا کوڈ: 92321

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/92321/ٹھیکیدار-ترقیاتی-منصوبے-بروقت-مکمل-کریں-سید-مہدی-شاہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org