0
Thursday 25 Mar 2021 19:12

مریم نواز سے اظہار یکجہتی کیلئے پی ڈی ایم قیادت بھی نیب آفس جائے گی

حکومت نے کوئی تماشا بنایا تو خود تماشا بن جائے گی، رانا ثناءاللہ ودیگر کی پریس کانفرنس
مریم نواز سے اظہار یکجہتی کیلئے پی ڈی ایم قیادت بھی نیب آفس جائے گی
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ ن کی رہنما اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی دختر مریم نواز سے اظہار یکجہتی اور کل مریم نواز کی نیب میں پیشی کے حوالے سے پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کا اجلاس مسلم لیگ ہاوس ماڈل ٹاون لاہور میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے بعد پی ڈی ایم رہنماوں رانا ثناء اللہ، قمر زمان کائرہ اور مولانا عبدالغفور حیدری نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ پریس کانفرنس میں مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ کل حکومت نے کوئی تماشا بنایا تو خود تماشا بن جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ قانون حکومت کی لونڈی نہیں کہ جہاں مرضی ریڈ زون بنا دیں، مریم نواز ماڈل ٹائون سے ریلی کی شکل میں پی ڈی ایم قائدین کیساتھ نیب لاہور پہنچیں گی۔

پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ پارٹی میں بھی آپس میں اختلافات ہو جاتے ہیں لانگ مارچ میں پی ڈی ایم کی قیادت کیساتھ ہیں، استعفوں کے بغیر بھی ڈیلیکس لانگ مارچ ہوگا۔ جے یو آئی (ف) کے رہنما عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ نیب جیسے ادارے میں پیش ہونا توہین سمجھتے ہیں، ان حالات میں حکومت کے پیچھے کھڑے ہونا قومی جرم  ہو گا۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ پُرامن طور پر نیب کے آفس اظہاریکجہتی کیلئے جائیں گے، حکومت کو مریم نواز کے ڈرائونے خواب آ رہے ہیں خوف کے عالم میں حکومت کی رات بھاری ہے، کل ان کی جان نکل جائے گی۔ قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ نیب جو کر رہا ہے وہ احتساب نہیں انتقامی عمل ہے، جس کیخلاف ہم سب متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم قائدین نیب پر حملہ آور ہونے نہیں بلکہ احتجاج ریکارڈ کروانے جا رہے ہیں، نیب کو کسی اور سے نہیں اپنے آپ سے خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ سمیت تمام چھبیس نکات پر ہمارا اتفاق ہے، اکٹھے ہو کر سینیٹ میں حکومت کو شکست دی پی ڈی ایم اکٹھی ہے، پی ٹی آئی نے عدم برداشت سے بہت نقصان پہنچایا، لانگ مارچ کیساتھ ہیں استعفوں کے بغیر بھی لانگ مارچ ڈیلیکس طریقے سے ہوگا۔ جمعیت علماء اسلام (ف) کے مرکزی سیکرٹری جنرل عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ نیب کو مالم جبہ آٹا چینی چور نظر نہیں آ رہے صرف اپوزیشن کی پگڑیاں اچھالنے کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے، جسے ہم نہیں مانتے، ہم نیب کے سامنے پیش ہونا اپنی توہین سمجھتے ہیں۔ پی ڈی ایم رہنمائوں کا کہنا تھا کہ حکومت اپنا مینڈیٹ کھو چکی ہے کل مریم نوازُ سے اظہار یکجہتی کیلئے ماڈل ٹائون سے نیب لاہور کیلئے صبح نو بجے روانہ ہوں گے۔ قائدین نے مطالبہ کیا کہ ریڈزون کے غیر قانونی حکم نامہ کو واپس لیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 923406
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش