QR CodeQR Code

حکومت مہنگائی کنٹرول کرے، دودھ، دالیں، سبزیاں غریب کی پہنچ سے باہر ہوگئیں، سردار شاکر مزاری 

25 Mar 2021 23:05

تحریک منہاج کے مرکزی رہنما کا کہنا تھا کہ حکومت مہنگائی کو کنٹرول کرنا چاہتی ہے تو کاغذی کارروائی کی بجائے عملی اقدامات کرنا ہونگے، رمضان المبارک میں لاکھوں روپے کی سبسڈی دی جاتی ہے، چیک اینڈ بیلنس ہونا ضروری ہے رمضان المبارک کے مقام، عظمت، فضیلت، مقصد اور اس کے پیغام کو اپنے ذہن میں تازہ کریں، رمضان المبارک کو لوڈشیڈنگ فری مہینہ قرار دیا جائے۔ 


اسلام ٹائمز۔ تحریک منہاج القرآن کے مرکزی نائب ناظم اعلی سردار شاکرمزاری نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی مہنگائی کا جن بوتل سے باہر آچکا ہے، ناجائز منافع خور سرگرم ہو چکے ہیں، دال، چینی، سبزی، فروٹس سمیت دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں خوفناک اضافے نے کئی سوالات کھڑے کر دئیے ہیں، ناجائز منافع خوروں، ذخیرہ اندوزوں اور ملاوٹ مافیا نے رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ کر کے شہریوں کو پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے، حکومت رمضان المبارک میں لاکھوں روپے کی سبسڈی دیتی ہے، اس کا چیک اینڈ بیلنس ہونا بھی ضروری ہے کہ عوام کو اس سبسڈی کا براہ راست کوئی فائدہ بھی ہورہا ہے یا نہیں، رمضان المبارک میں روز مرہ کے استعمال کی اشیا پر ٹیکس کی چھوٹ ہونی چاہیے، حکومت اگر مہنگائی کو کنٹرول کرنا چاہتی ہے تو اسے کاغذی کارروائی کی بجائے عملی اقدامات کرنا ہونگے تاکہ غریب عوام بھی پیٹ بھر کر کھانا کھا سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک منہاج القرآن ملتان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں تحریک منہاج القرآن ملتان کے صدر یاسر ارشاد، ناظم زمان خان اعوان اور دیگر نے شرکت کی۔

سردار شاکرمزاری نے کہا کہ رمضان المبارک رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے، رمضان المبارک کے مقام، عظمت، فضیلت، مقصد اور اس کے پیغام کو اپنے ذہن میں تازہ کریں تاکہ اس کی برکات سے بھرپور فائدہ اٹھایا جاسکے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ رمضان المبارک کو لوڈشیڈنگ فری مہینہ قرار دیا جائے تاکہ لوگ بغیر کسی پریشانی کے شدید گرم موسم میں روزے رکھ سکیں، عبادت کر سکیں، ماہ رمضان میں ایک دوسرے سے درگزر کریں، حسن سلوک اور احسان کے معاملات کریں، فقرا، مساکین پر زیادہ سے زیادہ خرچ کریں۔


خبر کا کوڈ: 923443

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/923443/حکومت-مہنگائی-کنٹرول-کرے-دودھ-دالیں-سبزیاں-غریب-کی-پہنچ-سے-باہر-ہوگئیں-سردار-شاکر-مزاری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org