QR CodeQR Code

تحقیقاتی ایجنسیوں کو مجھے ڈرانے کیلئے استعمال کیا جارہا ہے، محبوبہ مفتی

26 Mar 2021 22:34

پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر نے کہا کہ ستم ظریفی یہ ہے کہ مجھے پاسپورٹ جیسے بنیادی حق سے بھی محروم رکھا جا رہا ہے، یہ سیاسی انتقام گیری نہیں تو اور کیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر اور سابق وزیراعلٰی محبوبہ مفتی کا دعویٰ ہے کہ تحقیقاتی ایجنسیوں جیسے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کو انہیں ڈرانے کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت پی ڈی پی کو توڑنے کے لئے اس کے ممبروں کو ڈرانے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ مودی حکومت پی ڈی پی کو توڑنے کے لئے اس کے ممبروں کو ورغلانے اور ڈرانے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقاتی ایجنسیوں جیسے ای ڈی کو مجھے ڈرانے کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ستم ظریفی یہ ہے کہ مجھے پاسپورٹ جیسے بنیادی حق سے بھی محروم رکھا جا رہا ہے، یہ سیاسی انتقام گیری نہیں تو اور کیا ہے۔

واضح رہے کہ محبوبہ مفتی جمعرات کو یہاں راج باغ علاقے میں واقع انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے دفتر میں پیش ہوئیں جہاں منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں ان سے قریب پانچ گھنٹوں تک پوچھ گچھ کی گئی۔ پوچھ گچھ کے بعد دفتر کے باہر انہوں نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ پوچھ گچھ کے دوران انہیں اپنے والد کی فروخت شدہ زمین اور وزیر اعلیٰ سیکرٹ فنڈ کے بارے میں سوالات پوچھے گئے۔ ای ڈی نے محبوبہ مفتی کومنی لانڈرنگ کیس میں پوچھ گچھ کے لئے 15 مارچ کو دہلی میں واقع اس کے ہیڈکوارٹرز میں پیش ہونے کو کہا تھا تاہم اس وقت ان کو ذاتی طور حاضر ہونے پر اصرار نہیں کیا گیا تھا اور بعد میں انہیں 23 مارچ کو حاضر ہونے کو کہا گیا تھا۔ محبوبہ مفتی نے ای ڈی کے نام ایک مکتوب ارسال کیا تھا جس میں انہوں نے دہلی کی بجائے سرینگر میں پیش ہونے کی گزارش کی تھی۔


خبر کا کوڈ: 923626

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/923626/تحقیقاتی-ایجنسیوں-کو-مجھے-ڈرانے-کیلئے-استعمال-کیا-جارہا-ہے-محبوبہ-مفتی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org