0
Friday 26 Mar 2021 23:37

ملک میں مہنگائی کی شرح میں مزید اضافہ ریکارڈ

ملک میں مہنگائی کی شرح میں مزید اضافہ ریکارڈ
اسلام ٹائمز۔ ملک میں مہنگائی کی شرح میں مزید اضافہ ہوگیا۔ مہنگائی کے حوالے سے ادارہ شماریات نے ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ ہفتہ وار بنیادوں پر گزشتہ ہفتے کے دوران ٹماٹر 20.04 فیصد، آٹا 1.01 فیصد، چکن 8.81 فیصد مہنگے ہوئے جبکہ پیاز 2.27 فیصد اور لہسن 8.12 فیصد، آلو 1.98 فیصد، دال مونگ 0.54 فیصد سستی ہوئی۔ وفاقی ادارہ برائے شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ 25 مارچ کو ختم ہونیوالے ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریہ (ایس پی آئی) کے لحاظ سے گزشتہ سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں ملک میں مہنگائی کی شرح 15.35 فیصد رہی ہے تاہم اس سے پچھلے ہفتے کے مقابلہ میں گذشتہ ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح 0.61 فیصد اضافہ ہوا۔

اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے ہے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں18.77 فیصد، 17 ہزار 733 روپے سے 22 ہزار 888 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں 16 فیصد، 22 ہزار 889 روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں 14.91 فیصد رہی۔ اعداد و شمار کے مطابق 29 ہزار 518 روپے سے 44 ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں 14.87 فیصد ہوا جب کہ 44 ہزار 176 روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 14.19 فیصد رہی ہے۔

اعداد و شمار میں مزید بتایا گیا ہے کہ گذشتہ ہفتے کے دوران جن 22 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ان میں آٹا، انڈے، ٹماٹر، چینی، دال چنا، چاول اور چکن سمیت دیگر اشیائے ضروریہ شامل ہیں۔ اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ ہفتے کے دوران جن 7 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے ان میں آلو، پیاز، لہسن، ایل پی جی اور دال مونگ ایل پی جی شامل ہیں البتہ 22 اشیائے ضرویہ کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 923635
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش