0
Saturday 27 Mar 2021 18:33
جامعہ عروۃ الوثقیٰ میں بین المذاہب ’’حسینؑ سب کا‘‘ کانفرنس کا انعقاد

امام حسینؑ نے کربلا میں حق اور حقانیت کو مقام محمود تک پہنچایا، علامہ جواد نقوی

کربلائی فکر ہی استبدادی نظام کو تباہ کرسکتی ہے، ہندو، سکھ، مسیحی رہنماوں کا خطاب
امام حسینؑ نے کربلا میں حق اور حقانیت کو مقام محمود تک پہنچایا، علامہ جواد نقوی
اسلام ٹائمز۔ امام حسین علیہ السلام محسن انسانیت ہیں، جنھوں نے اعلٰی انسانی اقدار کو زندہ رکھنے اور مقام انسانیت کے شرف و عظمت کو بچانے کیلئے لازوال قربانی پیش کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار جامعہ عروۃ الوثقیٰ میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے عمائدین اور رہنماوں نے بین المذاہب اور بین المسالک کانفرنس ‘‘حسینؑ سب کا’’ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کی صدارت تحریک بیداری امت مصطفیٰ اور مجمع المدارس تعلیم الکتاب والحکمہ  کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے کی۔ کانفرنس میں سردار بشن سنگھ، سردار کلیان سنگھ، ڈاکٹر میمپال سنگھ، سردار روندر سنگھ، پنڈت بھگت لال کھوکھر سوامی، پنڈت ڈاکٹر منوہر چاند، پنڈت امر ناتھ رندھاوا، بشپ آزاد مارشل، ڈاکٹر مجیب ایبل، روبنسن عزیز فرانسس، ساجد کرسٹوفر، فادر جیمز چنن، پادری شاہد معراج، پادری عمانوئل کھوکھر، پاسٹر قاسم جون، پاسٹر جنید، ڈاکٹر فرید پراچہ، مفتی گلزار نعیمی، پیر شفاعت رسول، پیر طارق شریف زادہ، ڈاکٹر فیاض رانجھا، سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، مفتی محمد زکریا، پیر برہان الدین عثمانی، پیر سید لطیف الرحمان، علامہ ضرغام ربانی، علامہ ضمیر حسین نقوی، حافظ شعیب الرحمان اور علامہ مشتاق حسین جعفری سمیت دیگر شریک ہوئے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ کربلا ایک عالمی اور آفاقی تحریک ہے، کیونکہ ظلم سے نفرت تمام ادیان و مذاہبِ میں مشترک ہے اور امام حسین (ع) نے پوری انسانیت کو بیداری اور ظلم کے مقابلے میں ڈٹ جانے کا درس دیا تھا۔ حضرت امام حسین ّ کی شخصیت کسی فرقے یا مذہب کے اندر محدود نہیں، نہ ہی کسی طبقے اور قوم کیساتھ مخصوص ہے، یہاں تک غیر مسلم ہندو، زرتشتی، مسیحی بھی کربلا ہی سے درس لے کر اپنے اہداف کو پہنچے ہیں، گاندھی اپنے انقلاب کو حسین ابن علی علیہ السلام کی مرہون منت سمجھتا ہے، یہ سب اس لئے کہ حسین ابن علی علیہ السلام نے کربلا کے ریگستان میں حق اور حقانیت کو مقام محمود تک پہنچایا اور قیامت تک ظلم اور ظالم کو رسوا کر دیا۔

کانفرنس سے خطاب میں سید جواد نقوی کا کہنا تھا کہ امام حسین (ع) ایک دور کی شخصیت نہیں، امام حسین (ع) کی زیست صرف درسی کتابوں میں ایک آدھ باب تک محدود نہیں بلکہ آپ (ع) قیامت تک آنیوالے ہر باضمیر انسان کے رہبر ہیں۔ مہاتما گاندھی، جواہر لال نہرو، چارلس ڈکن، انتونی بارا اور ان جیسے ہزاروں غیر مسلم دانشور اور لکھاری دین اسلام  کے پیروکار نہیں تھے، اس کے باوجود اس واقعہ کی عظمت و بزرگی نے ان کی عقلوں کو در حسینؑ پر سجدہ ریزی پر مجبور کیا۔ وہ حسین کو امام یا صحابی نہیں مانتے بلکہ ان کیلئے حسینؑ انسانیت کا نمونہ ہے۔ ان کے لیے حسینؑ آزادی و حریت کی مثال ہے۔ ان کیلئے حسینؑ انسانیت کی معراج ہے۔ ان کی نظر میں حسینؑ انسانوں کا امام اور قائد ہے۔ وہ حسینیت کو کامیابی کا استعارہ سمجھتے ہیں۔ حسینؑ نے انہیں فتح اور کامیابی کی راہ بتائی۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ گروہ جو استبدادی فکر و فلسفہ کے حامل ہوتے ہیں، وہ کربلا اور درس کربلا سے خوف میں مبتلا رہتے ہیں، کیونکہ کربلائی فکر ان کے استبدادی نظام کو ڈھا سکتی ہے۔ جب بھی کوئی کربلا و حسینیت کو اساس بنا کر ظلم اور استبداد کے خلاف اٹھے گا، کامیابی اس کے قدم چومے گی۔ حسین (ع) نے رہتی دنیا تک انسانوں کو حریت اور آزادی کا درس دیا اور انہیں خبردار کرایا کہ اگر کہیں عزت و حمیت کا مسئلہ ہو، اگر کہیں اپنے حق کیلئے آواز بلند کرنے کی بات ہو تو ڈرو مت، آگے بڑھو، باطل کے مقابلے میں سیسہ پلائی فولاد کی مانند ڈٹ جاؤ اور  ظلم و ستم کی زنجیریں توڑ ڈالو، چاہے اس راہ میں تمھیں اپنی جان، مال اور سب کچھ کیوں قربان نہ کرنا پڑے اور آج دنیا بھر میں آزادی کی جو تحریکیں نمودار ہو رہی ہیں، انہوں نے یہ درس کربلا اور عاشورا سے لیا ہے۔ یہی تو وجہ ہے کہ آج نہ صرف مسلمان بلکہ دنیا کا ہر آزاد فکر انسان حسین (ع) کا عاشق، گرویدہ اور مداح ہے۔

آخر میں مقررین نے پرامن بقائے باہمی اور انسانی ہمدردی کی اقدار کو معاشروں میں رائج کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ سب کچھ تب ہوگا، جب مختلف ادیان و مذاہب کے پیروکار اور مکاتب فکر کے ماننے والے آپس میں احترام کا رشتہ برقرار رکھیں اور ایک دوسرے کے حقوق کا خیال رکھا جائے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ایسی تقریبات کے سبب اسلام اور ظلم سے نفرت کرنیوالے دیگر مذاہبِ کے باہمی تعاون کو فروغ ملے گا، مغربی ممالک میں اسلام کو خطرہ بنا کر پیش کرنے کی سیاست کا خاتمہ ہوگا نیز اس باہمی تعاون سے دنیا کے محروم اور مستضعف لوگوں کی حالت بدل جائے گی اور ان پر مسلط کردہ ظالمانہ فضا کی بساط لپیٹ دی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 923779
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش