0
Saturday 27 Mar 2021 18:50
جو بائیڈن انتظامیہ پاکستان اور مسلم امہ کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے

پاکستان ہر کام امریکہ کو اعتماد میں لیکر کرے تو اسے فائدہ ہوگا، طاہر جاوید

افغانستان میں امن کیلئے پاکستان کا کردار بہت اہم ہے، جس سے ہم بخوبی آگاہ ہیں
پاکستان ہر کام امریکہ کو اعتماد میں لیکر کرے تو اسے فائدہ ہوگا، طاہر جاوید
اسلام ٹائمز۔ پاکستانی نژاد امریکی سیاسی رہنما طاہر جاوید کی لاہور پریس کلب آمد،
پاکستانی نژاد امریکی سیاسی رہنما طاہر جاوید نے حکومت پاکستان کی جانب سے امریکہ میں پاکستان کیلئے بہترین کارکردگی پر تمغہ امتیاز سے نوازنے پر پر لاہور پریس کلب کی دعوت پر ’’میٹ دی پریس‘‘ پروگرام میں شرکت کی۔ لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری، سینئر نائب صدر جاوید فاروقی اور سیکرٹری زاہد چودھری نے معزز مہمان کا کلب آمد پر استقبال کیا۔ صدر ارشد انصاری نے اس موقع پر کہا کہ طاہر جاوید نے امریکہ میں جس طرح پاکستان کے مثبت کردار کو اجاگر کیا ہے اس کیلئے میں پوری صحافی برادری کی جانب سے انھیں مبارکباد پیش کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ وہ پاک امریکہ تعلقات میں مزید بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے طاہر جاوید نے کہا کہ پاک امریکہ تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے کام کر رہے ہیں، جو بائیڈن حکومت پاکستان کو ساتھ لیکر چلنا چاہتی ہے جس پر کام جاری ہے، جوبائیڈن حکومت مسلم دنیا سے اچھے تعلقات رکھنا چاہتی ہے اور پاکستان کیساتھ امریکی تعلقات غیر مشروط ہیں، امریکہ کو پاکستان میں سی پیک سمیت کسی بھی ترقیاتی کام پر اعتراض نہیں لیکن اگر امریکہ کو اعتماد میں لے کر چلا جائے تو پاکستان کو زیادہ فائدہ ہو گا۔ کشمیر میں جاری بھارتی ظلم وجبر پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ انڈیا کے کشمیر پر حالیہ ظلم کیخلاف 150 سنیٹرز نے اس پر احتجاج کیا تھا، جوبائیڈن کے الیکشن منشور میں سب سے بڑا منشور ہیومن رائٹس تھا، جو بائیڈن حکومت کشمیر سمیت کہیں بھی ہیومن رائٹس کیخلاف عمل ہو اس پر اپنا کردار ادا کر رہی ہے، جو بائڈن حکومت انسانی حقوق پر بہت زیادہ فوکس کرتی ہے اور جہاں بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہوتی ہے اس کی بھرپور مذمت کی جاتی ہے۔

انہوں نے کرونا وباء کے حوالے سے کہا کہ اس وقت کرونا وائرس سب سے بڑا مسئلہ، جوبائیڈن حکومت کی پہلی ترجیح دنیا کو کرونا فری کرنا ہے۔ انہوں نے افغانستان میں امن اور طالبان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں امن کیلئے کوشاں ہیں، افغانستان میں امن کیلئے پاکستان کا کردار بہت اہم ہے، جس سے ہم بخوبی آگاہ ہیں، افغانستان سے روسی انخلا کے بعد امریکہ جلد بازی میں خطے سے نکلا جس کے منفی اثرات مرتب ہوئے اب تمام حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے افغانستان سے متعلق فیصلہ کریں گے۔ لاہور پریس کلب کے سیکرٹری زاہد چودھری نے معزز مہمان کی کلب آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بطور پاکستانی ہم امید کرتے ہیں کہ آپ پاک امریکہ تعلقات میں مزید بہتری کیلئے بطور ہمارے سفیر اور نمائندے کے کردار ادا کرتے رہیں گے۔ پروگرام کے اختتام پر معزز مہمان کو کلب کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔
خبر کا کوڈ : 923781
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش