0
Monday 29 Mar 2021 08:37

اسلام آباد میں اسمارٹ لاک ڈاؤن، تعلیمی ادارے بند، ہر قسم کے اجتماعات پر پابندی

اسلام آباد میں اسمارٹ لاک ڈاؤن، تعلیمی ادارے بند، ہر قسم کے اجتماعات پر پابندی
اسلام ٹائمز۔ کورونا وائرس میں اضافہ کے سبب اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں لاک ڈاؤن نافذ کرکے شہر بھر کے تمام تعلیمی ادارے بند کر دیئے گئے، تقریبات پر پابندی عائد کر دی گئی، شب برات پر قبرستانوں میں بھی اجتماعات ممنوع قرار دے دیئے گئے۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں یکم اپریل سے ہر قسم کی شادیوں اور دیگر تقریبات پر پابندی عائد ہوگی، اسپورٹس ٹورنامنٹ، سوشل تقریبات، کلچرل تقریبات اور مذہبی تقریبات بھی نہیں ہو سکیں گی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق شب برات پر اسلام آباد کے قبرستانوں میں کسی بھی قسم کے عوامی اجتماع کی اجازت نہیں ہوگی، ایچ ایٹ اور ایچ الیون کے قبرستانوں میں اسسٹنٹ کمشنرز شب برات کے دن اور رات کو عوامی اجتماع کو روکنے کی پابندی کروائیں گے جبکہ قبرستانوں میں میتوں کی تدفین کرونا ایس او پیز کے مطابق کی جائے گی۔

دریں اثناء وزارت تعلیم نے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس کے تحت اسلام آباد میں تمام تعلیمی ادارے 11 اپریل تک بند رہیں گے، ساتھ ہی ہر قسم کے امتحانات لینے پر بھی پابندی ہوگی۔ ڈپٹی کمشنر اینڈ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد کے نوٹیفکیشن کے مطابق کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر اسلام آباد کے علاقے بحریہ ٹاؤن فیز 2 اور 3، سوہان گارڈن بلاک بی، پی ڈبلیو ڈی بلاک سی، کورنگ ٹاؤن، پاکستان ٹاون فیز ون، ڈی ایچ اے 2 اور این پی ایف بلاک اے میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کا اطلاق اتوار کی رات بارہ بجے سے کر دیا گیا۔ اسمارٹ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں تمام کاروباری مراکز، سرکاری و نجی دفاتر اور ریسٹورنٹس بند رہیں گے، ان علاقوں میں ہر قسم کی آمدورفت اور تقریبات پر پابندی رہے گی، نوٹیفکیشن کے مطابق ایک وقت میں صرف ایک شخص گاڑی میں باوجہ ضرورت سفر کر سکے گا جبکہ سبزی کریانہ اسٹورز، بیکریز میڈیکل سٹور، تندور اور پیٹرول پمپس پابندی سے مستثنٰی ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 924006
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش