QR CodeQR Code

پنجاب میں شادی کی تقریبات پر پابندی، پارکس اور ریسٹورنٹس بند کرنے کا اعلان

29 Mar 2021 17:19

پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکا کہنا تھا کہ صوبے میں کورونا کے تیسری لہر میں پھیلاؤ کی شرح 14 فیصد ہوچکی ہے، اور لاہور میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مثبت کیسز کی شرح 21 فیصد ہے، دیگر اضلاع میں بھی کورونا وبا تیزی سے پھیل رہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پنجاب میں یکم اپریل سے ان ڈور اور آؤٹ ڈور شادیوں کی تقریبات پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت انسداد کورونا کابینہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں اہم فیصلے کئے گئے، اور کورونا کی شدت کے پیش نظر سخت اقدامات کی توثیق کی گئی۔ کابینہ کمیٹی نے این سی او سی کے فیصلوں پر سختی سے عملدرآمد کے لائحہ عمل کی منظوری دے دی، جس کے بعد صوبے بھر میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی اختیار کی جائے گی۔
فیصلوں کے مطابق یکم اپریل سے ان ڈور اور آؤٹ ڈور شادیوں کی تقریبات پر پابندی عائد کردی گئی ہے، اجلاس میں پارکس اور ریسٹورنٹس بند کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا جب کہ صرف ٹیک اوے کی اجازت ہوگی۔ صوبے میں مذہبی، سیاسی، سماجی، اور ثقافتی اجتماعات اور ہر طرح کی کھیلوں کی سرگرمیوں پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے،  ماسک پر سختی سے پابندی ہوگی، اور ماسک نہ پہننے پر جرمانہ کیا جائے گا، جبکہ ماسک نہ پہننے والے ڈرائیور کی گاڑی بھی ضبط کرلی جائے گی، صوبے میں مارکیٹس کا ٹائم 6 بجے تک کا ہوگا، جبکہ انٹرا سٹی ٹرانسپورٹ بند کرنے کا فیصلہ مشاورت کے  بعد کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی پریس کانفرنس

کابینہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکا کہنا تھا کہ  صوبے میں کورونا کے تیسری لہر میں پھیلاؤ کی شرح 14 فیصد ہوچکی ہے، اور لاہور میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مثبت کیسز کی شرح 21 فیصد ہے، دیگر اضلاع میں بھی کورونا وبا تیزی سے پھیل رہی ہے، جس کے باعث صحت کے نظام پر شدید دباوَ ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ کورونا کے بڑھتے کیسز کے بعد اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ یکم اپریل سے 11 اپریل تک 12 فیصد سے زائد شرح والے اضلاع میں مؤثرلاک ڈاؤن ہوگا، جس کے بعد زائد کیسز والے اضلاع میں شادی کی تقریبات پر پابندی ہوگی، صوبے میں ان ڈور آؤَٹ ڈور ڈائننگ پر پابندی اور صرف ٹیک اوے کی اجازت ہوگی۔

عثمان بزدار نے بتایا کہ کسی بھی معاشی صورت حال پر پابندی نہیں لگا رہے، صوبے کے تمام پارکس، تفریحی مقامات اور ہر قسم کے اجتماعات پر مکمل پابندی ہوگی، اس دوران پنجاب میٹرو اور اورنج لائن ٹرین بھی بند رہیں گی، دکانیں شام 6 بجے تک کھلی رہیں گی، ماسک نہ پہننے والوں کو بھاری جرمانے کئے جائیں گے، پرائیویٹ ٹرانسپورٹ کو ابھی بند نہیں کیا جا رہا، اس کے لئے جائزہ لیا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 924085

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/924085/پنجاب-میں-شادی-کی-تقریبات-پر-پابندی-پارکس-اور-ریسٹورنٹس-بند-کرنے-کا-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org