0
Monday 29 Mar 2021 18:26

تحفظ ختم نبوت دین کی اساس اور ہمارے ایمان کی روح ہے، میاں اویس

تحفظ ختم نبوت دین کی اساس اور ہمارے ایمان کی روح ہے، میاں اویس
اسلام ٹائمز۔ مجلس احرار اسلام لاہور کے نائب صدر حاجی غلام مصطفی کی صدارت میں اراکین مجلس احرار لاہور کا ایوان احرار نیو مسلم ٹاؤن لاہور میں ماہانہ اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں مجلس احرار اسلام پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل میاں محمد اویس، ڈاکٹر شاہد محمود کاشمیری، قاری محمد قاسم بلوچ، مولانا محمد وقاص حیدر، قاری شہزاد رسول، عبدالحی بٹ، قاری احسان اللہ فاروقی، قاری اشتیاق احمد، قاری محمد طاہر، محمد صہیب، محمد عامر اعوان اور دیگر احرار کارکنوں نے شرکت کی۔ مجلس احرار اسلام پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل میاں محمد اویس نے اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحفظ ختم نبوت دین کی اساس اور ہمارے ایمان کی روح ہے، عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے لیے اپنا سب کچھ قربان کر دیں گے لیکن حضور اکرم ﷺ کی عزت و ناموس پر کسی صورت آنچ نہیں آنے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عالم کفر اسلام کو جتنا دبانا چاہتا ہے یہ اتنا ہی ابھر رہا ہے اور پوری دنیا میں اسلام تیزی کیساتھ پھیل رہا ہے، یہ دراصل اسلام کی حقانیت کی واضح دلیل ہے۔ ڈاکٹر شاہد محمود کاشمیری نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان بھر میں جتنی دینی جماعتیں کام کر رہی ہیں وہ سب مل کر کفریہ طاقتوں کیخلاف میدان عمل میں اتر کر صحیح معنوں میں ختم نبوت کا تحفظ کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا قادیانی یہود و نصاریٰ کے ایجنڈے پر کام کرنیوالے جاسوس ہیں، انہوں نے الزام عائد کیا کہ قادیانی ڈاکٹر عبدالسلام نے پاکستان کے ایٹمی راز امریکہ کو دے کر پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا یہ کسی بھی صورت میں ملک کے وفادار نہیں ہو سکتے۔ حاجی غلام مصطفی نے اپنے صدارتی بیان میں کہا کہ یہ ملک اسلام کے نام پر بنا اور اس میں محمد کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا دین ہی نافذ کیا جائے گا، ہم جب تک زندہ ہیں کسی جعلی نبوت اور جعلی نبی کے پیروکاروں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ قادیانیوں کی ارتدادی سرگرمیوں کو عورت مارچ کے ذریعے ایک منظم سازش کے تحت پھیلایا جا رہا ہے اور حکومت ملک میں کسی نئے فساد کا خود ذریعہ بن رہی ہے، حکومت کو چاہیے کہ وہ ان کی ارتدادی و تبلیغی سرگرمیوں کا نوٹس لے تاکہ ملک میں انتشار اور انارکی نہ پھیلے۔ علاوہ ازیں قاری محمد قاسم بلوچ نے کارکنوں کو ہدایات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مجلس احرار اسلام کے زیر اہتمام مسجد ختم نبوت مرکز احرار چندرائے روڈ لاہور میں ”تربیت المبلغین“ کے نام سے ایک کورس شروع ہوا ہے جس میں ملک بھر سے مدارس کے طلباء کے علاوہ سکول کالجز کے طلباء نے بھی حصہ لیا ہے اور یہ کورس اپنی شان وشوکت کے ساتھ اپنے مراحل طے کر رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 924095
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش