QR CodeQR Code

وکلاء برادری فلسطین کاز کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی، کراچی بار ایسوسی ایشن

29 Mar 2021 21:09

فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے وفد سے ملاقات کے دوران نومنتخب صدر نعیم قریشی نے کہا کہ وکلاء کا فرض ہے کہ وہ اپنی سماجی اور انسانی حقوق کی پاسداری کی ذمہ داری نبھاتے ہوئے دنیا میں ہونے والے ہر قسم کے ظلم و ستم کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں۔


اسلام ٹائمز۔ کراچی بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر نعیم قریشی نے کہا ہے کہ وکلاء برادری فلسطین کاز کے لئے جدوجہد جاری رکھے گی، کراچی بار ایسوسی ایشن نے ہمیشہ مظلوموں کی حمایت کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے وفد سے کراچی بار ایسوسی ایشن میں ملاقات کے دوران کیا۔ پی ایل ایف کے وفد میں مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم، سابق رکن سندھ اسمبلی محفوظ یار خان، پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اسرار عباسی، جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ قاضی احمد نورانی، پاکستان مسلم لیگ نواز کے غلام مصطفی، آل پاکستان سنی تحریک کے چیئرمین مطلوم اعوان قادری، چرچ آف پاکستان سے مس سیسلین جیمز، ملک طاہر اعوان اور ایڈوکیٹ سارہ رضوی و دیگر موجود تھے۔ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے وفد نے کراچی بار ایسوسی ایشن کے صدر اور جنرل سیکرٹری سمیت اراکین کو منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی اور گلدستہ سمیت مٹھائی بھی پیش کی۔ اس موقع پر صدر کراچی بار ایسوسی ایشن نعیم قریشی اور جنرل سیکرٹری عامر وڑائچ نے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے اراکین کا شکریہ ادا کیا۔

ملاقات میں پاکستان بار کونسل کے رکن شہاب سرکی اور کراچی بار ایسوسی ایشن کے صدر نعیم قریشی، جنرل سیکرٹری عامر وڑاءچ کا کہنا تھا کہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان ملک بھر میں نہ صرف فلسطین کاز بلکہ کشمیر کاز کے لئے بھرپور جدوجہد کرکے نوجوانوں میں بیداری اور مسئلہ فلسطین سے متعلق آگہی فراہم کرنے کے عمل کی جدوجہد کر رہی ہے وہ لائق تحسین ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وکلاء برادری نے ہمیشہ ہر قسم کی نا انصافی کو مسترد کیا ہے اور انصاف کا بول بالا کرنے کے لئے کسی قسم کی قربانیوں سے دریغ نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین میں صہیونیوں کی جعلی ریاست اسرائیل بے پناہ ظلم وستم روا رکھے ہوئے اور کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے، ان حالات میں وکلاء کا فرض ہے کہ وہ اپنی سماجی اور انسانی حقوق کی پاسداری کی ذمہ داری نبھاتے ہوئے دنیا میں ہونے والے ہر قسم کے ظلم و ستم کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں۔

اس موقع پر پی ایل ایف رہنماؤں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کاز کے لئے کراچی بار ایسوسی ایشن کی خدمات لائق تحسین ہیں، وکلاء نے ہمیشہ حق اور سچ کا ساتھ دیا ہے، کراچی بار ایسوسی ایشن کی تاریخ مثالی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں کامیابی پر فلسطین فاؤنڈیشن تمام اراکین کو مبارک باد پیش کرتی ہے، مسئلہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر صہیونزم کی سازشوں کا شاخسانہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر اور فلسطین میں انسانیت سوز مظالم کی داستانیں رقم ہو رہی ہیں، مسلم حکمران بے حس ہوچکے ہیں، فلسطین کاز کے لئے کراچی بار ایسوسی ایشن نے ہمیشہ فلسطین فاؤنڈیشن کا ساتھ دیا ہے جس پر ہم ان کے مشکور ہیں۔


خبر کا کوڈ: 924123

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/924123/وکلاء-برادری-فلسطین-کاز-کیلئے-جدوجہد-جاری-رکھے-گی-کراچی-بار-ایسوسی-ایشن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org