QR CodeQR Code

گو فنڈ می مہم، پاکستانی نژاد امریکی کے اہل خانہ کے لیے چند گھنٹوں میں 8 لاکھ ڈالر جمع

30 Mar 2021 12:34

متاثرہ خاندان نے میڈیا کو ایک بیان میں کہا کہ اگرچہ مالی معاونت سے جاں بحق ہونے والے شخص کی کمی پوری نہیں کرسکتی لیکن اس سے روزمرہ کی زندگی کے کچھ مسائل اور پریشانیوں کو دور کرنے میں مدد ملے گی۔


اسلام ٹائمز۔ امریکی عوام نے گزشتہ ہفتے کار چھیننے کے دوران قتل ہونے والے پاکستانی نژاد امریکی کے اہل خانہ کے لیے 8 لاکھ ڈالر جمع کرلیے۔ نجی ٹی وی کے مطابق محمد انور کی ہلاکت کے بعد ان کے اہلِ خانہ کا ذریعہ آمدن ختم ہوجانے پر کمیونٹی نے ان کی معاونت کے لیے ایک گو فنڈ میں پیج بھی بنایا جس پر 6 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں 36 ہزار ڈالر سے زائد رقم جمع ہوگئے تھے۔ متاثرہ خاندان نے آخری رسومات اور دیگر اخراجات کے لیے ایک لاکھ ڈالر معاونت کی اپیل کی تھی۔ 'گو فنڈ می' مہم کے منتظمین نے کہا کہ انہیں پیر کی سہ پہر تک 7 لاکھ 82 ہزار 893 ڈالر موصول ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ جنازے اور دیگر اخراجات کو پورا کرنے کے لیے عطیہ دہندگان سے فی کس 20 ڈالر کی اپیل کی گئی تھی۔
علاوہ ازیں وقوعہ پر لوگوں نے تعزیتی پھول بھی رکھے۔

متاثرہ خاندان نے میڈیا کو ایک بیان میں کہا کہ اگرچہ مالی معاونت سے جاں بحق ہونے والے شخص کی کمی پوری نہیں کرسکتی لیکن اس سے روزمرہ کی زندگی کے کچھ مسائل اور پریشانیوں کو دور کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے عطیہ دہندگان کو مخاطب کرکے کہا کہ ہم آپ کا جتنا بھی شکریہ ادا کریں کم ہے، جو محبت اور خلوص آپ نے دی وہ غیرمعمولی ہے۔ واشنگٹن ڈی سی کرمنل انویسٹی گیشن ڈویژن کے کمانڈر رمی کائل نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ جنوری میں دونوں میں سے ایک لڑکی نے کسی طرح کی کارروائی کی تھی اور وہ گرفتار بھی ہوئی تھی یعنی ایسا لگتا ہے کہ یہاں بھی ایسا ہی ہوا۔ واشنگٹن کے میئر موریل باؤسر نے ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ایک ٹاسک فورس کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ افسوسناک ہے، میرے پاس بیان کرنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں۔

پولیس نے 13 اور 15 سالہ لڑکیوں پر پاکستانی نژاد امریکی ڈرائیور کے قتل اور کار چھیننے کی دفعات عائد کردی ہیں۔ ساؤتھ ایسٹ واشنگٹن سے تعلق رکھنے والی 13 سالہ اور فورٹ واشنگٹن، میری لینڈ سے تعلق رکھنے والی 15 سالہ لڑکیوں کے خلاف قتل، ٹیکسی چھیننے کی مسلح کوشش اور سنگین جرم کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پاکستانی پناہ گزین محمد انور واشنگٹن میں اس وقت کھانا پہنچانے کا کام کررہے تھے اور ایک کار چھیننے کی کوشش کے دوران جاں بحق ہوگئے تھے۔ پولیس کے مطابق ساؤتھ ایسٹ واشنگٹن سے تعلق رکھنے والی 13 سالہ اور فورٹ واشنگٹن، میری لینڈ سے تعلق رکھنے والی 15 سالہ لڑکیاں ٹیسر (بجلی کا جھٹکا دینے والی راڈ) سے مسلح تھیں۔ محمد انور کی لڑکیوں کے ساتھ ساؤتھ ایسٹ واشنگٹن میں اس وقت لڑائی ہوئی جب انہوں نے ان کی ہونڈا ایکارڈ کار چھیننے کی کوشش کی۔


خبر کا کوڈ: 924229

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/924229/گو-فنڈ-می-مہم-پاکستانی-نژاد-امریکی-کے-اہل-خانہ-لیے-چند-گھنٹوں-میں-8-لاکھ-ڈالر-جمع

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org