QR CodeQR Code

کراچی میں پہلی الیکٹرک بس سروس کا آغاز، 10 روپے کرایہ فی اسٹاپ مقرر

30 Mar 2021 17:50

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ٹرانسپورٹ سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کے اپنے بس منصوبوں پر بھی پیشرفت ہوئی ہے، کراچی میں پیپلز پارٹی حکومت نے ہر شعبے میں بہتر کام کیا ہے، بی آرٹی بھی مکمل ہونے جارہا ہے، ہم بہت جلد 250 بسز کی ٹریڈنگ میں جارہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ کراچی میں الیکٹرک بس منصوبے کا آغاز ہوگیا جو ٹاور سے سہراب گوٹھ تک چلے گی اور ایک اسٹاپ کا کرایہ 10 روپے ہوگا۔ وزیر ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ نے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت الیکٹرک بس کا افتتاح کیا۔ الیکٹرک بس ٹاور سے سہراب گوٹھ تک چلے گی جس کا ایک اسٹاپ کا کرایہ 10 روپے ہوگا، بس کے مجموعی طور پر 10 اسٹاپ ہوں گے، سیفائر گروپ کی الیکٹرک بس 37 سیٹوں پر مشتمل ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکٹرک بس آزمائشی بنیادوں پر ٹاور سے براستہ ایم اے جناح روڈ شاہراہ پاکستان سہراب گوٹھ تک چلائی جائے گی، ایک سے دوسرے اسٹاپ تک کرایہ دس روپے رکھا گیا ہے، اس کا کرایہ فی کلو میٹر 4 روپے ہوگا اور یہ سیٹ ٹو سیٹ چلے گی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ سیفائر گروپ کی بس مکمل طور پر الیکٹرک بس ہے، ہر ماہ ان بسوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا، 2017ء سے اس شعبے میں جتنا کام ہونا چاہیئے تھا وہ نہیں ہوا، کورونا کی وجہ سے بہت سی چیزیں متاثر ہوئی ہیں تاہم اب الیکٹرک بس منصوبہ کا پہلی مرتبہ سندھ میں آغاز ہوا ہے، رواں سال کے آخر تک 100 الیکٹرک بسیں سڑکوں پر لائی جائیں گی۔ اویس قادر شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کے اپنے بس منصوبوں پر بھی پیشرفت ہوئی ہے، کراچی میں پیپلز پارٹی حکومت نے ہر شعبے میں بہتر کام کیا ہے، بی آرٹی بھی مکمل ہونے جارہا ہے، ہم بہت جلد 250 بسز کی ٹریڈنگ میں جارہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 924299

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/924299/کراچی-میں-پہلی-الیکٹرک-بس-سروس-کا-آغاز-10-روپے-کرایہ-فی-اسٹاپ-مقرر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org