QR CodeQR Code

اقتدار میں آنے پر ’سی اے اے‘ کو ختم کرنے کیلئے قانون سازی کرینگے، راہل گاندھی

30 Mar 2021 21:42

کانگریس لیڈر نے کہا کہ جب سے مودی حکومت اقتدار میں آئی ہے تب سے لیکر آج تک چائے باغات مزدوروں سمیت کروڑوں مزدوروں کیلئے کچھ بھی نہیں کیا گیا۔


اسلام ٹائمز۔ کانگریس پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ شہریت (ترمیمی) قانون سی اے اے ملک کے باشندوں پر ایک مہلک حملہ ہے اور ان کی پارٹی آسام اسمبلی انتخابات کے بعد اقتدار میں آنے پر اس قانون کو نافذ نہیں ہونے دے گی۔ راہل گاندھی نے منگل کے روز ٹویٹ کر کے کہا ''سی اے اے آسام پر حملہ ہے، زبان، سوچ، تاریخ، ثقافت پر حملہ کرنے کا ایک ذریعہ ہے۔ یہ ہم کبھی ہونے نہیں دیں گے، حکومت بنانے کے بعد ہم آسام میں قانون بنائیں گے اور سی اے اے کو لاگو نہیں ہونے دیں گے۔''

راہل گاندھی نے کہا کہ جب سے مودی حکومت اقتدار میں آئی ہے تب سے لے کر آج تک چائے باغات مزدوروں سمیت کروڑوں مزدوروں کے لئے کچھ بھی نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج جب آسام اسمبلی انتخابات نزدیک ہیں، تو مودی حکومت چاہتی ہے کہ ان کی ’من کی بات‘ پر یقین کریں۔ انہوں نے پوچھا کہ چائے باغات مزدوروں سمیت کروڑوں مزدوروں کے آنسوں پونچھنے کے لئے مودی حکومت کے لئے نے کیا کیا۔

راہل گاندھی نے کہا کہ جملوں اور ترقی کا آپس میں کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے چھتیس گڑھ، راجستھان، مدھیہ پردیش میں واضح کر دیا تھا کہ ہم جو وعدے کریں گے، ان وعدوں کو پورا کر کے دکھائیں گے۔ یہ وعدے کھوکھلے نہیں ہیں۔ چھتیس گڑھ میں ہم نے قرض معاف کر کے دکھایا۔ انہوں نے بڑے نوٹوں کی منسوخی کے سلسلے میں بھی حکومت پر حملہ کیا اور کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے نوٹ بندی اور جی ایس ٹی سے معیشت کو تباہ و برباد کر دیا ہے۔ نیز حکومت کو یہ سمجھنا چاہیئے کہ سب کی جیب سے پیسے نکال کر معیشت کو چلایا نہیں جا سکتا۔


خبر کا کوڈ: 924330

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/924330/اقتدار-میں-ا-نے-پر-سی-اے-اے-کو-ختم-کرنے-کیلئے-قانون-سازی-کرینگے-راہل-گاندھی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org