QR CodeQR Code

گلگت بلتستان میں تھری جی اور فور جی سروس شروع کرنے کی منظوری

30 Mar 2021 21:08

ذرائع کے مطابق وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں ڈیجیٹل راہیں کھولنے کا فیصلہ کیا ہے اور مئی کے وسط تک نئے اسپیکٹرم کیلئے آنیوالی نیلامی کو حتمی شکل دی جائیگی۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے گلگت بلتستان میں انٹرنیٹ سروس کو بہتر بنانے کے لیے علاقے میں تھری جی اور فور جی براڈ بینڈ سروس فوری شروع کرنے کے منصوبے کی منظوری دے دی۔ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے اس حوالے سے پلان وزیراعظم کو پیش کر دیا۔ وزیراعظم عمران خان نے پلان کی منظوری دے دی۔ ذرائع کے مطابق لائسنسز کی نیلامی کے بعد جی بی میں انٹرنیٹ سروس بہتر بنائی جائے گی۔ وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس یونیورسل سروس فنڈ کا دائرہ کار بھی جی بی تک لے جانے پر اتفاق ہوا۔ ذرائع کے مطابق وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں ڈیجیٹل راہیں کھولنے کا فیصلہ کیا ہے اور مئی کے وسط تک نئے اسپیکٹرم کے لیے آنے والی نیلامی کو حتمی شکل دی جائے گی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ فور جی لائسنسوں کی نیلامی 30 جون سے پہلے کی جائے گی اور اس سے نہ صرف گلگت بلتستان اور آزاد جموں کشمیر کے لیے تیز رفتار انٹرنیٹ لایا جائے گا بلکہ ان کی حکومتوں کو زیادہ آمدنی کے فوائد بھی حاصل ہوں گے۔ یاد رہے کہ گلگت بلتستان میں اس وقت صرف پاک فوج کا ذیلی ادارہ سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن (ایس سی او) وہ واحد کمپنی ہے، جو جی بی میں تھری جی اور فور جی سروس فراہم کر رہی ہے، تاہم سروس بہتر نہ ہونے کی وجہ سے گلگت بلتستان میں انٹرنیٹ کی رفتار سست ہے۔


خبر کا کوڈ: 924333

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/924333/گلگت-بلتستان-میں-تھری-جی-اور-فور-سروس-شروع-کرنے-کی-منظوری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org