0
Wednesday 31 Mar 2021 08:43

گلگت بلتستان کیلئے تاریخی ترقیاتی پیکج کی منظوری

گلگت بلتستان کیلئے تاریخی ترقیاتی پیکج کی منظوری
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے گلگت بلتستان کے لیے تاریخی ترقیاتی پیکج کی منظوری دے دی۔ وزیراعظم کے میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق عمران خان کی زیر صدارت گلگت بلتستان کی ترقی کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر خزانہ محمد حماد اظہر، وزیر مواصلات مراد سعید، وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن و دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔ وزیراعظم نے گلگت بلتستان کی ترقی کے لیے تاریخی پیکج کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ مختلف شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں کی بدولت خطے میں جہاں تعمیر و ترقی کا نیا باب روشن ہو گا، وہیں علاقے کے مسائل کا موثر حل اور نوجوانوں کو نوکریوں کے بے شمار مواقع بھی میسر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی ترقی موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، گلگت بلتستان میں سیاحت کے بے شمار مواقع موجود ہیں جسے بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کو ہدایت کی کہ سیاحت کے فروغ اور ماحولیاتی تحفظ پر خصوصی توجہ دی جائے۔ واضح رہے کہ روں ماہ ہی گلگت بلتستان کی قانون ساز اسمبلی نے متفقہ طور پر مشترکہ قرارداد منظور کی جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اور ریاستی ادارے خطے کو عارضی صوبائی حیثیت دے اور اسے پارلیمنٹ اور دیگر آئینی اداروں میں نمائندگی فراہم کی جائے۔ اس قرارداد کو پی ٹی آئی کی طرف سے گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ خالد خورشید خان، پیپلز پارٹی کے اپوزیشن کے رہنما امجد حسین ایڈووکیٹ، مسلم لیگ (ن) کے غلام محمد، ایم ڈبلیو ایم کے ممبر محمد کاظم، جے یو آئی (ف) کے رحمت خالق اور گلگت بلتستان کے وزیر راجا اعظم خان نے مشترکہ طور پر پیش کیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 924376
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش