QR CodeQR Code

لاپتہ شیعہ افراد کی بازیابی کیلئے 2 اپریل سے ملک گیر احتجاجی تحریک کا اعلان

31 Mar 2021 18:53

مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار مسنگ پرسنز اور خانوادہ اسیران ملت جعفریہ نے کہا کہ 2 اپریل کو کراچی میں تاریخی احتجاجی دھرنا دیا جائیگا، جو تمام شیعہ مسنگ پرسنز کی بازیابی تک جاری رہیگا۔


اسلام ٹائمز۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار مسنگ پرسنز کے رہنماؤں اور خانوادہ اسیران ملت جعفریہ نے اعلان کیا ہے کہ 2 اپریل بروز جمعہ کراچی سے ملک گیر احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جا رہا ہے، کراچی میں تاریخی احتجاجی دھرنا دیا جائے گا، جو تمام شیعہ مسنگ پرسنز کی بازیابی تک جاری رہے گا، خراساں روڈ کراچی پر مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا احمد اقبال رضوی، مولانا ناظر عباس تقوی، مولانا عقیل موسیٰ، مولانا حیدر عباس عابدی، مولانا صادق جعفری، علامہ مبشر حسن، مولانا صادق رضا تقوی، موسیٰ کاظم، علمدار حسین و دیگر علماء کرام و رہنماؤں نے کہا کہ ہم تقریباً دو سال سے مختلف ریاستی اداروں کے رابطے میں ہیں، مگر کوئی عمل درآمد نہیں ہوا، اگر ریاست پاکستان کا کوئی معرز شہری کئی سالوں سے مسنگ ہے یا کسی جرم میں ملوث ہے تو عدالتوں میں پیش کرے۔

علماء کرام و رہنماؤں نے کہا کہ ہم کب تک مسنگ پرسنز کے خانوادوں کو تسلیاں دیتے رہیں گے، اب ہم دو اپریل سے ملک گیر احتجاج کرنے جا رہے ہیں، پُرامن احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا، جب تک مسنگ پرسنز بازیاب نہیں ہو جاتے، ہمارے ساتھ تمام ملکی سیاسی و مذہبی جماعتیں موجود ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم صدر پاکستان، آرمی چیف اور وزیراعظم سے درخواست کرتے ہیں کہ ہمارے مسنگ پرسنز کو فوری بازیاب کرایا جائے۔


خبر کا کوڈ: 924486

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/924486/لاپتہ-شیعہ-افراد-کی-بازیابی-کیلئے-2-اپریل-سے-ملک-گیر-احتجاجی-تحریک-کا-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org