0
Wednesday 31 Mar 2021 19:35

این اے 249، مفتاح اسماعیل کا انوکھا انداز، انتخابی مہم میں ٹافیاں بانٹنے لگے

این اے 249، مفتاح اسماعیل کا انوکھا انداز، انتخابی مہم میں ٹافیاں بانٹنے لگے
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ نون کے رہنماء اور سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ این اے 249 میں حکومتی رکن فیصل واوڈا نے 3 سالوں میں کوئی کام نہیں کیا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ شہباز شریف 2018ء کے انتخابات میں یہاں سے الیکشن جیت چکے تھے تاہم کچھ لوگوں کو یہ منظور نہیں تھا اور انہوں نے فیصل واوڈا کو یہاں سے کامیاب کرایا، اگر شہباز شریف یہاں سے الیکشن میں کامیاب ہوتے تو وہ یہاں اتنا کام کراسکتے تھے جس سے علاقہ مکینوں کے مسائل حل ہوتے۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو 2018ء کے عام انتخابات میں حلقہ این اے 249 سے 34 ہزار 626 ووٹ ملے تھے جبکہ فیصل واوڈا 35 ہزار 344 ووڑ لے کر کامیاب ہوئے تھے۔ ایک سوال کے جواب میں مفتاح اسماعیل نے کہا کہ وفاقی حکومت تحریک انصاف کی تھی لیکن فیصل واوڈا نے 3 سال میں یہاں کوئی کام نہیں کیا وہ اپنے حلقہ کو پانی، بجلی اور صفائی کرانے میں مکمل ناکام رہے جبکہ حلقہ میں کوئی اسپتال تک تعمیر نہ ہوسکا۔ عمران خان نے نااہل فیصل واوڈا کو سزا دینے کے بجائے انہیں ایوان بالا کا نمائندہ بنادیا۔

رہنماء مسلم لیگ نون نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف حکومت کی مسلم لیگ نون سے صرف 6 سیٹیں کم ہیں اور ڈسکہ الیکشن کے بعد یہ فاصلہ مزید کم ہوجائے گا، عمران خان کی حکومت سے جون سے زیادہ نہیں چل سکے گی اور مسلم لیگ نون کی حکومت آئے گی۔ مفتاح اسماعیل نے ایم کیو ایم کو تنقید کا نشانہ بنانے ہوئے کہا کہ متحدہ قومی مومنٹ کے اراکین کہتے ہیں کہ ہم حکومت کا حصہ ہیں لیکن ہمارے پاس اختیارات نہیں، مسلم لیگ نون ایسے بہانے نہیں بناتی بلکہ ہمارا خدمت کرنے کا تجربہ ہے، اپنے وسائل سے 6 آر او پلانٹ چلا رہا ہوں، اگر حلقے کے لوگوں نے مجھے ووٹ دیئے تو مایوس نہیں کروں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے عوام صرف لالی پاپ دیا ہے، ان کے والدین کی فیکٹریاں ہیں اور ہم ٹیکس دیتے ہیں، ہم وزیراعظم کی طرح 300 کنال کے مکان میں رہ کر سال میں 1 لاکھ 40 ہزار کا ٹیکس نہیں دیتے۔

لیگی رہنماء مفتاح اسماعیل جو حلقہ این اے 249 میں منفرد انداز میں کیمپین چلارہے ہیں انہوں بتایا کہ ٹافیاں بنوائین ہیں اور بانٹ بھی رہے ہیں، ایک ٹافی کی قیمت محض 2 روپے ہے اگر عوام خریدیں تو اچھی بات ہے نہیں تو مفت تقسیم کریں گے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ہر دکان پر یہاں کینڈی لینڈ، بسکونی، کرلیز کے آئٹمز موجود ہوتے ہیں، میں دکانوں پر جاکر دیکھتا ہوں کہ میری کمپنی کا سامان ہے یا نہیں، ہمارے کارکنان نے کم از کم کے الیکٹرک سے اچھی ڈسٹریبوشن کی ہے۔ علاقے کے مسئلہ پر انہوں نے گفگتو کرتے ہوئے بتایا کہ حلقے کے علاقہ مکینوں کا سب سے بنیادی مسئلہ پانی کی فراہمی کا ہے کیونکہ 55 فیصد علاقے میں پینے کا صاف پانی نہیں آتا اور اگر ملے تو گٹر کا پانی ملا ہوتا ہے، اس لئے پہلے منتخب ہونے کے بعد جلد مسئلہ حل کرنے کی کوشش کروں اور عدالت بھی جاؤں گا۔
خبر کا کوڈ : 924503
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش