QR CodeQR Code

فاٹا میں تبدیلی کی ہوا چل پڑی ہے، اب قبائلی علاقے ترقی کی راہ پر گامزن ہوں گے، گورنر خیبر پختونخوا

17 Aug 2011 08:53

اسلام ٹائمز:بیرسٹر مسعود کوثر نے کہا کہ ترقی کیلئے مختص رقوم کا صحیح استعمال ہر حالت میں یقینی بنایا جائیگا۔ میں نے تمام محکموں پر واضح کر دیا ہے کہ ترقی کے امور میں کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں ہوگی۔ فاٹا کیلئے مختص ایک ایک پائی کے صحیح اور بروقت استعمال کو یقینی بنایا جائیگا۔


پشاور:اسلام ٹائمز۔ گورنر خیبر پختونخوا بیرسٹر مسعود کوثر نے کہا ہے کہ فاٹا میں تبدیلی کی ہوا چل پڑی ہے، اب نہ صرف قبائلی علاقے ترقی کی راہ پر گامزن ہوں گے بلکہ قبائلی عوام کی برسوں کی محرومیاں ختم اور مسائل بھی حل ہوں گے۔ فاٹا کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے وفد سے گورنر ہائوس میں ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ ایف سی آر میں ترامیم اور سیاسی جماعتوں کے قانون کا فاٹا میں نفاذ موجودہ حکومت کے انقلابی اقدامات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ در اصل فاٹا کے بارے میں موجودہ حکومت شہید ذوالفقار علی بھٹو کے وژن کو لے کر آگے بڑھ رہی ہے جنہوں نے اپنے دور حکومت میں فاٹا کی حقیقی ترقی کی بنیاد رکھی۔ گورنر نے کہا کہ فاٹا کا نوجوان طبقہ ہماری سب سے بڑی اور مضبوط قوت ہے، جن کیلئے حکومت تعلیم، ہنر مندی، روزگار اور محفوظ مستقبل کی نئی راہیں متعین کر رہی ہے۔ فاٹا کنٹریکٹروں کے مسائل اور مطالبات کا ذکر کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ فاٹا کی ترقی میں تعمیراتی ٹھیکیداروں کا بھی ایک مخصوس اور اہم رول ہے، جن کو دیکھتے ہوئے حکومت ان کے مسائل کو حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گی تا کہ قبائلی علاقوں میں ترقی کی رفتارمزید تیز کی جا سکے۔
گورنر نے کہا کہ ترقی کیلئے مختص رقوم کا صحیح استعمال ہر حالت میں یقینی بنایا جائیگا۔ میں نے تمام محکموں پر واضح کر دیا ہے کہ ترقی کے امور میں کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں ہوگی۔ فاٹا کیلئے مختص ایک ایک پائی کے صحیح اور بروقت استعمال کو یقینی بنایاجائیگا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی پیسہ عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی پر خرچ ہونا چاہئے اورعوام کی سہولت کیلئے جو ترقیاتی کام ہوں ،وہ نظر بھی آنے چاہئیں۔ وفد کے شرکاء نے جن میں مختلف قبائلی ایجنسیوں کے کنٹریکٹرز شامل تھے، وفد کے ساتھ ملاقات کرنے، ان کے مسائل غور سے سننے اور حل کی یقین دہانی کرانے پر گورنر کا شکریہ ادا کیا۔


خبر کا کوڈ: 92463

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/92463/فاٹا-میں-تبدیلی-کی-ہوا-چل-پڑی-ہے-اب-قبائلی-علاقے-ترقی-راہ-پر-گامزن-ہوں-گے-گورنر-خیبر-پختونخوا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org