QR CodeQR Code

پاراچنار، پولیس اہلکاروں کا احتجاجاً ڈیوٹی سرانجام دینے سے انکار، تھانوں کو تالے لگا دیئے

2 Apr 2021 00:01

میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے محرروں نے کہا کہ پولیس فورس میں موجود بعض اہلکار منفی کردار ادا کرکے لوکل محرران اور پولیس اہلکاروں کیلئے مسائل کھڑے کر رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاراچنار میں پولیس محرر اور اہلکاروں نے احتجاجاً تمام دفاتر، تھانوں کو بند کر دیا اور چیک پوسٹوں پر تعینات اہلکاروں اور پولیو مہم کے دوران فرائض انجام دینے سے انکار کر دیا۔ اپر کرم تھانہ پاراچنار میں پولیس محرران نے تھانے میں تمام دفاتر احتجاجاً بند کر دیئے اور ہر قسم کے دفتری امور، چیک پوسٹوں اور پولیو مہم کے دوران فرائض انجام دینے والے اہلکاروں نے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اپر کرم کے محرران نے کہا کہ انضمام کے وقت قبائلی اضلاع کی لیویز کیساتھ بائیس نکات پر مشتمل ایک معاہدہ طے پایا تھا، جس کی رو سے ڈی پی او دیگر اضلاع سے تعینات ہونگے، باقی تمام سٹاف لوکل اہلکاروں اور افسران پر مشتمل ہوگا اور لوکل اہلکاروں کی تعیناتی یا ٹرانسفر اپنے ضلع سے باہر نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس فورس میں موجود بعض اہلکار منفی کردار ادا کرکے لوکل محرران اور پولیس اہلکاروں کیلئے مسائل کھڑے کر رہے ہیں۔

اہلکاروں کا کہنا تھا کہ معاہدے کے باوجود دس اہلکاروں اور محرران کی ٹرانسفر اضلاع پایاں کر دی گی ہے جو کہ بائیس نکاتی ایجنڈے کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے اور اس آرڈر کو فوری طور پر منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوکل محرران کی شبانہ روز محنت کسی سے پوشیدہ نہیں، جنہوں نے انتہائی کم وقت میں منشیات کے خلاف کارروائی کرکے ستر کروڑ سے زائد منشیات اور سمگلرز پکڑے۔ محرران اور اہلکاروں نے کہا کہ ان پر لگائے گئے کرپشن کے الزامات سامنے لائے جائیں اور اس سلسلے میں قومی مشران و عمائدین بھی اپنا کردار ادا کریں۔ اہلکاروں نے کہا کہ اگر چوبیس گھنٹوں کے اندر ان کے مطالبات منظور نہ ہوئے تو وہ احتجاج کا دائرہ وسیع کر دیں گے، انہوں نے آئی جی پولیس خیبر پختونخوا اور دیگر متعلقہ حکام سے اس سلسلے میں فوری اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا۔


خبر کا کوڈ: 924713

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/924713/پاراچنار-پولیس-اہلکاروں-کا-احتجاجا-ڈیوٹی-سرانجام-دینے-سے-انکار-تھانوں-کو-تالے-لگا-دیئے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org