QR CodeQR Code

کشمیریوں کو حق خودارادیت ملنے تک بھارت کیساتھ تعلقات بہتر نہیں ہو سکتے، جاوید قصوری

2 Apr 2021 16:27

لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی پنجاب کے امیر کا کہنا تھا کہ ماضی میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی حکومتوں نے قومی جذبات کو مجروح کرتے ہوئے انڈیا کیساتھ دوستی کی پینگیں بڑھائیں مگر ان سب کا انجام قوم کے سامنے ہے، موجودہ حکمران بھی سابقین کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔ بھارت ہمارا ازلی دشمن ہے، جس نے اول دن سے پاکستان کے وجود کو تسلیم نہیں کیا۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے حکومت کی جانب سے بھارت سے چینی، کپاس اور دھاگہ درآمد کرنے کے اعلان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم سمجھنے سے قاصر ہے کہ ہمارے حکمران انڈیا سے تجارت کیلئے کیوں مرے جا رہے ہیں؟۔ بھارت سے تعلقات اس وقت تک بہتر نہیں ہو سکتے جب تک مقبوضہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو بحال کرتے ہوئے نہتے کشمیریوں کو حق خود ارادیت نہیں مل جاتا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی حکومتوں نے قومی جذبات کو مجروح کرتے ہوئے انڈیا کیساتھ دوستی کی پینگیں بڑھائیں مگر ان سب کا انجام قوم کے سامنے ہے، موجودہ حکمران بھی سابقین کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔ بھارت ہمارا ازلی دشمن ہے، جس نے اول دن سے پاکستان کے وجود کو تسلیم نہیں کیا، وہ کل بھی بنگلہ دیش بنانے میں گھناؤنا کردار ادا کر چکا ہے اور وہ آج بھی بلوچستان میں سازشوں کا جال بچھا رہا ہے، انڈیا سے خیر کی توقع رکھنا ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں میں وژن نام کی کوئی چیز نہیں، بھارت سے تجارت کا فیصلہ درحقیقت کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے، قوم سے کیے گئے وعدوں سے انحراف کرنے میں حکمرانوں کو کوئی ثانی نہیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے، مگر یہ اسی صورت میں ممکن ہوگا جب بھارت سازشوں سے باز آئے گا، پاک بھارت وزراء  اعظم کے مابین خیر سگالی پر مبنی خطوط کے تبادلے اور سلامتی کے تقاضوں کو یقینی بنانے کیلئے ناکافی ہے، ایک طرف انڈیا کی تاریخ بھری پڑی ہے جب بھارت نے پاکستان کی پیٹھ پر وار کیے اور اپنے مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کی کوشش کی، جبکہ دوسری جانب تحریک انصاف کی حکومت مقبوضہ کشمیر کو پلیٹ میں رکھ کر بھارت کے حوالے کر دیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 924815

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/924815/کشمیریوں-کو-حق-خودارادیت-ملنے-تک-بھارت-کیساتھ-تعلقات-بہتر-نہیں-ہو-سکتے-جاوید-قصوری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org