0
Friday 2 Apr 2021 20:12

ملت جعفریہ کے بیگناہ افراد کی آئے روز جبری گمشدگیاں تشویشناک ہیں، سید راحت حسین

ملت جعفریہ کے بیگناہ افراد کی آئے روز جبری گمشدگیاں تشویشناک ہیں، سید راحت حسین
اسلام ٹائمز۔ قائد ملت جعفریہ گلگت بلتستان سید راحت حسین الحسینی نے کہا ہے کہ آئے روز ملت جعفریہ کے بے گناہ افراد کی جبری گمشدگیاں سخت تشویشناک ہیں۔ بغیر کسی جرم کے حساس اداروں کی جانب سے لوگوں کو جبری لاپتہ کرنے کا عمل ملک کے مفاد میں نہیں، اس سے عوام میں مزید غم و غصہ پیدا ہوگا۔ مرکزی امامیہ جامع مسجد گلگت میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سید راحت حسین الحسینی نے کہا کہ نلتر کا واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ تھا، جس کی تصدیق انتظامیہ نے بھی کی۔ اس واقعہ کی مذمت اور لواحقین سے اظہار ہمدردی اور اصل قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ پوری ملت کی طرف سے کیا گیا۔ لیکن شرپسند تکفیری گروہ کی طرف سے علاقہ کے امن و امان کو تہہ و بالا کرکے شیعہ سنی اتحاد کو نقصان پہنچانے کی بھرپور کوشش کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ شرپسندوں نے منصوبہ بندی کے تحت کوہستان سے لیکر گلگت تک کھلے عام اسلحہ کی نمائش، کفر کے فتوے، کافر کافر کی نعرہ بازی اور شرانگیز تقاریر کے ذریعے اشتعال انگیزی اور فرقہ واریت کو ہوا دی، جس کے نتیجے میں انہی جلوسوں میں شریک کھلے عام اسلحہ کی نمائش کرنے والے افراد کی طرف سے اگلے دن مرکزی امامیہ جامع مسجد کے گیٹ کے سامنے راہگیر پر فائرنگ اور گھڑی باغ میں دنیور کی سوزوکی پر حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوئے۔ صد افسوس ان سارے واقعات میں صوبائی حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آئی۔ تکفیری گروہ بیرونی ایجنڈے پر عبوری صوبہ اور اقتصادی راہداری کو ناکام بنانے پر تلے ہوئے ہیں، جو کہ کسی صورت ملک و علاقے کے مفاد میں نہیں۔ لہذا شرپسند گروہ اس ملک و علاقے کا دشمن ہے۔ تمام مکاتب فکر کے ذمہ داروں کو بغیر کسی مصلحت کے اس گروہ کے خلاف میدان میں آنا ہوگا اور صوبائی حکومت بھی علاقے میں اپنی رٹ قائم کرے۔ وگرنہ تمام تر حالات کی ذمہ داری صوبائی حکومت کی ہوگی۔

انہوں نے کہا صوبائی حکومت اور خفیہ ادارے دہشت گردوں پر کڑی نظر رکھتے ہوئے سکیورٹی کے حوالے سے سنجیدہ اقدامات کریں۔ شیعہ اقلیتی علاقوں میں مستقل چوکیوں کا قیام، شاہراہ قراقرم پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کرتے ہوئے متبادل روڑ کا انتظام کرے۔ انہوں نے مزید کہا ملک بھر میں آئے روز ملت جعفریہ کے بے گناہ افراد کی گمشدیاں سخت تشویشناک ہے۔ بلا جرم و خطا حکومتی انٹیلی جنس اداروں کی جانب سے محب وطن افراد کو غیر قانونی طور پر غائب کرنا ملکی مفاد میں نہیں، لہذا تمام بے گناہ شیعہ افراد کی بازیابی کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا گلگت بلتستان میں کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ سخت تشویشناک ہے۔ عوام احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرتے ہوئے سماجی فاصلہ کا خیال رکھیں۔ حکومت کو اس اہم ایشو پر سنجیدہ اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
خبر کا کوڈ : 924865
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش