0
Friday 2 Apr 2021 23:38

حکمران اللہ کے نظام سے بغاوت کی بجائے اسکو نافذ کرنیکا اعلان کریں، سراج الحق

حکمران اللہ کے نظام سے بغاوت کی بجائے اسکو نافذ کرنیکا اعلان کریں، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ مہنگائی کے سونامی نے عوام کو گھریلو سامان کی نیلامی پر مجبور کر دیا ہے، سٹیٹ بینک کا آرڈیننس آئی ایم ایف کو مالی وائسرائے تسلیم کرنا ہے، جس کی ہم مذمت کرتے ہیں، جماعت اسلامی گو آئی ایم ایف تحریک چلائے گی، لاہور کے ہسپتالوں میں ویکسین مافیا چوری کی وارداتوں میں ملوث ہے، رمضان سے پہلے حکومت عوام کو سہولت دینے کی بجائے مافیاز کی سہولت کار بن چکی، دنیا میں تمام مصیبتوں، وباؤں کا حل اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع اور استغفار میں ہے، کورونا وباء کی تیسری لہر کے باوجود حکمرانوں کا رویہ تبدیل نہیں ہوا، اعلان کردہ 12000 روپے اصل ایشوز کے حل کیلئے خرچ کیے ہوتے تو متاثرہ عوام کا اتنا برا حال نہ ہوتا، حکمران اللہ کے نظام سے بغاوت کی بجائے اس کو نافذ کرنے کا اعلان کریں، پوری انسانیت کی بقاء نبی اکرمﷺ کے بتائے ہوئے اصولوں میں ہی ہے۔

منصورہ لاہور میں وفود سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ موجودہ حکومت نے سٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کے حوالے کیا ہے، اب عملی طور پر سٹیٹ بینک کا گورنر یہاں آئی ایم ایف اور ورلڈ بنیک کی طرف سے مالی وائسرائے ہوگا، تمام مالی ادارے اس وائسرائے کے تابع ہوں گے، سٹیٹ بنک کا گورنر ہماری پارلیمنٹ و عدالت کو جوابدہ نہیں ہوگا، اس پر ہمارے ملک کے قوانین کا اطلاق نہیں ہوگا اور آڈیٹر جنرل پاکستان بھی اس کا آڈٹ نہیں کرسکے گا، ہمارے ریاستی نظام کے قوانین سے بھی گورنر سٹیٹ بینک کو استثنیٰ حاصل ہوگا، ایسے قانون کو ہم ہرگز برداشت نہیں کریں گے اور اس کیخلاف قومی سطح پر تحریک برپا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے صورتحال خراب سے خراب تر ہوتی جا رہی ہے۔

میری معلومات کے مطابق اسلام آباد، لاہور، پشاور کے سرکاری ہسپتالوں میں جگہ نہیں، وینٹی لیٹرز کی شدید کمی کا سامنا ہے، حکومت کی غفلت کی وجہ سے عوام سخت پریشان ہیں، پی ٹی آئی حکومت 1100 دنوں میں صحت کی سہولیات میں ایک فیصد بہتری نہیں لا سکی بلکہ اب تو پہلے سے بھی برا حال ہے۔ امیر جماعت نے کہا کہ مہنگائی کے سونامی نے عوام کو گھریلو سامان کی نیلامی پر مجبور کر دیا ہے، بیروز گاری اور خوف کے اس ماحول میں لوگ فاقوں پر مجبور ہیں، موجودہ اور سابقہ حکمران ہیلتھ سیکٹر کی تباہی کے ذمہ دار ہیں، حکومتیں اپنے حصے کا کام کرتیں تو ہم طبی آلات کے لئے دیگر ممالک کی طرف نہ دیکھ رہے ہوتے، حکومتیں جب بھی فنڈز قائم کرتی ہیں، ان کی تقسیم کا کوئی پتہ نہیں چلتا، کورونا وائرس کی وجہ سے پوری انسانیت مشکل میں ہے۔
خبر کا کوڈ : 924894
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش