QR CodeQR Code

کورونا کی تیسری لہر، کراچی کے مختلف علاقوں میں مارکیٹیں اور تجارتی مراکزبند کرا دیئے گئے

3 Apr 2021 17:38

پولیس کی جانب سے اعلانات میں کہا گیا کہ دکاندار حضرات کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں اور ضلعی انتظامیہ کے احکامات کے مطابق ہفتہ اور اتوار تجارتی سرگرمیاں معطل رکھیں۔


اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کے مختلف علاقوں میں مارکیٹیں اور تجارتی مراکز بند کرا دیئے گئے، محکمہ صحت و محکمہ داخلہ کے احکامات کے تحت ہفتہ اور اتوار والے دن شہر کے تمام تجارتی مراکز بند رہیں گے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس موبائل کے ذریعے مارکیٹوں اور تجارتی مراکز بند رکھنے کے اعلانات کا سلسلہ جاری ہے۔ پولیس کی جانب سے اعلانات میں کہا گیا کہ دکاندار حضرات کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں اور ضلعی انتظامیہ کے احکامات کے مطابق ہفتہ اور اتوار تجارتی سرگرمیاں معطل رکھیں۔ کورونا کی تیسری لہر کے پیش نظر محکمہ صحت و محکمہ داخلہ نے ہفتے میں 5 دن کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنے اور ہفتہ اور اتوار کی تعطیل والے دن تمام تجارتی مراکز بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

یاد رہے کہ سندھ حکومت نے وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لئے صوبے بھر میں پابندیاں مزید سخت کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے 6 اپریل سے شادی سمیت ہر قسم کی تقریب پر پابندی اور کاروباری مراکز 8 بجے بند کرنے کا احکامات جاری کئے تھے۔ حکومت کا کہنا تھا کہ کورونا کیسز آٹھ فیصد مثبت شرح والے علاقوں میں لاک ڈاؤن ہوگا اور نئی پابندیاں 11 اپریل تک نافذ العمل ہوں گی۔ خیال رہے پاکستان میں کورونا کے وار مزید شدید ہوتے جارہے ہیں۔ تیسری لہر نے چوبیس گھنٹے میں مزید 84 افراد کی جان لے لی، اب تک کورونا سے ہلاکتیں چودہ ہزار چھ سوستانوے ہوگئیں۔


خبر کا کوڈ: 925021

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/925021/کورونا-کی-تیسری-لہر-کراچی-کے-مختلف-علاقوں-میں-مارکیٹیں-اور-تجارتی-مراکزبند-کرا-دیئے-گئے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org