QR CodeQR Code

شیعہ لاپتہ عزاداروں کی عدم بازیابی، کراچی مرکزی دھرنے سے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان

3 Apr 2021 19:18

احتجاجی دھرنے میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں موجود شیعان حیدر کرار ہم سے مسلسل رابطے میں ہیں اور ہمارے دھرنے کی حمایت میں اپنے اپنے ممالک میں مظاہرے کرنے کیلئے تیار ہیں، کراچی سے شروع ہونے والا یہ دھرنا بہت جلد ایک عالمی تحریک میں تبدیل ہوجائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار شیعہ مسنگ پرسنز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اتوار 4 اپریل کو ملک بھر میں مزار قائد کراچی کے مرکزی دھرنے کی حمایت میں علامتی دھرنے دینے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق علامہ احمد اقبال رضوی، علامہ باقر عباس زیدی، علامہ ناظر عباس تقوی، علامہ کامران عابدی، علامہ نثار قلندری، علامہ علی انور جعفری، مولانا ڈاکٹر عقیل موسیٰ، علامہ مبشر حسن نے مزار قائد پر مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاپتہ شیعہ عزاداروں کو جب تک منظر عام پر نہیں لایا جاتا تب تک ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم، آرمی چیف اور عدلیہ سمیت تمام مقتدر ریاستی اداروں کے دروازوں پر دستک دے کر دیکھ چکے ہیں، ہمیں کہیں سے بھی سنجیدہ جواب نہیں ملا، اب ذمہ داران مذاکرات سے بھی کترانا شروع ہوگئے ہیں۔ مقررین نے کہا کہ قائداعظم کے مزار کے سامنے دھرنا دینے کا مقصد بانی پاکستان کے روبرو اپنا دکھ پیش کرنا ہے کہ جس وطن کے حصول کے لئے عظیم قائد نے طویل جدوجہد کی، آج اس قائد کی اولادوں اور فکری پیروکاروں پر یہ سرزمین تنگ کی جا رہی ہے، ہم بانی پاکستان سے یہ سوال کرنے میں حق بجانب ہیں کہ کیا پاکستان اس لئے معرض وجود میں آیا تھا کہ وہاں مادر وطن کے محب اور باوفا بیٹوں کو قتل کردیا جائے یا جبری اغواء کرلیا جائے۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ شیعہ مسنگ پرسنز کی بازیابی اور مزار قائد احتجاجی دھرنے کے شرکاء سے اظہار یکجہتی کیلئے پہلے مرحلے میں ملک بھر میں اتوار کے روز ملت جعفریہ کی تمام تنظیموں کی جانب سے بھرپور احتجاج کیا جائے گا اور ملک کے مختلف علاقوں میں علامتی احتجاجی دھرنے دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ، برطانیہ، یورپ اور عرب ممالک میں موجود شیعان حیدر کرار ہم سے مسلسل رابطے میں ہیں اور ہمارے دھرنے کی حمایت میں اپنے اپنے ممالک میں مظاہرے کرنے کے لئے تیار ہیں، کراچی سے شروع ہونے والا یہ دھرنا بہت جلد ایک عالمی تحریک میں تبدیل ہوجائے گا، ہم ملک میں کسی بھی قسم کا بحران نہیں چاہتے تھے، رہاستی اداروں کی مسلسل ٹال مٹول نے ہمیں دھرنا دینے پر مجبور کیا، ہم پاکستان کے درجہ اول کے شہری ہیں اور ایسے کسی ظالمانہ طرز عمل کو قطعاً تسلیم نہیں کرتے، ہمارا مطالبہ ہر لحاظ سے آئینی و قانونی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ آرٹیکل دس پر عمل کرتے ہوئے شیعہ مسنگ پرسنز کو عدالتوں کے سامنے پیش کیا جائے یا آزاد کیا جائے۔


خبر کا کوڈ: 925030

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/925030/شیعہ-لاپتہ-عزاداروں-کی-عدم-بازیابی-کراچی-مرکزی-دھرنے-سے-آئندہ-کے-لائحہ-عمل-کا-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org