QR CodeQR Code

الیکشن میں سلیکٹرز کے کردار کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا، جماعت اسلامی

3 Apr 2021 22:40

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی امیر محمد حسین محنتی نے کہا کہ جماعت اسلامی مطالبہ کرتی ہے کہ انتخابی اصلاحات کے ساتھ ملک میں آزادانہ انتخابات اور عوام کو اپنی مرضی کی قیادت منتخب کرنے کا موقع دیا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے حکومتی ڈھائی سالہ کارکردگی کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بہترین ٹیم کے دعویدار کپتان کی حکومت نے معیشت کی ابتری اور مہنگائی کے طوفان سے عوام کو دن میں تارے دکھا دیئے ہیں، تیسرے وزیر خزانہ کے بعد چوتھے کی خبریں زد عام ہیں، جو کہ ان کی ناتجربہ کار ٹیم و نااہلی کا واضح ثبوت ہے، الیکشن میں سلیکٹرز کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، اس لیے جماعت اسلامی مطالبہ کرتی ہے کہ انتخابی اصلاحات کے ساتھ ملک میں آزادانہ انتخابات اور عوام کو اپنی مرضی کی قیادت منتخب کرنے کا موقع دیا جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل پریس کلب ٹنڈو الہیار میں میڈیا سے بات چیت اور امین مسجد میں منعقدہ ضلعی تنظیمی اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ محمد حسین محنتی نے کہا کہ 73 سال سے ملک انتشار کا شکار ہے، عوام پر مسلط کردہ قیادت عوام کے مسائل حل اور قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد کی تکمیل کی بجائے غیروں کی غلامی اور ذاتی مفادات کو پورا کیا ہے۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ اسٹیٹ بینک جیسے قومی ادارے کو آئی ایم ایف کے حوالے کر دینا حکمرانوں کی غلامانہ سوچ کی عکاسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی گو آئی ایم ایف گو تحریک قوم کے دلوں کی آواز ہے، عوام کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے کراچی سمیت سندھ میں فوری بلدیاتی انتخابات اور اداروں کو مالی و انتظامی طور بااختیار بنایا جائے۔ ایک سوال کے جواب میں محمد حسین محنتی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر پڑوسی ملک سے کسی قسم کی بات چیت اور تجارت نہیں ہونی چاہئے، اس کے برعکس حکومتی اقدامات کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی ہوگا۔ صوبائی امیر نے ذمہ داران پر زور دیا کہ بلدیاتی انتخابات کی تیاری اور بڑے پیمانے پر استقبال رمضان پروگرام رکھیں جائیں۔ اس موقع پر ضلعی و مقامی ذمہ داران نے تنظیمی کارکردگی رپورٹ سے امیر صوبہ کو آگاہ کیا۔ امیر ضلع دیدار علی بہرانی، حاجی شفیق احمد، یونس قائم خانی، عاشق خانزادہ اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی اس موقع پر موجود تھے۔

 


خبر کا کوڈ: 925066

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/925066/الیکشن-میں-سلیکٹرز-کے-کردار-کو-نظرانداز-نہیں-کیا-جا-سکتا-جماعت-اسلامی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org