0
Sunday 4 Apr 2021 11:54

پی ڈی ایم میں اختلاف، پیپلز پارٹی کا مسلم لیگ (ن) پر "خفیہ اجلاس" کا الزام

پی ڈی ایم میں اختلاف، پیپلز پارٹی کا مسلم لیگ (ن) پر "خفیہ اجلاس" کا الزام
اسلام ٹائمز۔  پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ایک دوسرے پر اپوزیشن اتحاد کو اسٹیبلشمنٹ کی واضح حمایت کے ساتھ اپوزیشن اتحاد کو نقصان پہنچانے کا الزام عائد کرتے ہوئے اس پر وضاحت طلب کر لی جس سے بظاہر پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں اختلافات مزید گہرے ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں پی ڈی ایم کی 5 اتحادی جماعتوں کے اجلاس کے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے پیپلز پارٹی نے اسمبلیوں سے بڑے پیمانے پر مستعفی ہونے کے معاملے پر تبادلہ خیال کے لیے پیر کو کراچی میں طلب کی گئی اپنی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کا اجلاس ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔ ایک بیان میں پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل نیئر بخاری نے کہا کہ پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے اجلاس کے روز پارٹی کے سی ای سی اجلاس کو ملتوی کر دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے پیر کو سینیٹ کا اجلاس طلب کیا ہے اور قومی اسمبلی کا اجلاس پہلے ہی طے شدہ تھا اس لیے پیپلز پارٹی کے سی ای سی کے زیادہ تر ممبر اجلاس میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ تاہم سیاسی ماہرین کا خیال ہے کہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے اجلاسوں کو سی ای سی اجلاس ملتوی کرنے کا بہانہ بنا کر پیپلز پارٹی نے در حقیقت پارلیمنٹ میں اپنا کردار ادا کرنے کے بارے میں ایک واضح پیغام ان جماعتوں کو بھیجا ہے جو استعفوں کے حق میں ہیں۔ پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی کے معاملے پر پی ڈی ایم کے فیصلے کی خلاف ورزی کرنے کے الزام میں (پی پی پی اور عوامی نیشنل پارٹی پر) نوٹس بھیجنے کے بجائے 5 جماعتوں کو "خفیہ اجلاس" کے انعقاد پر وضاحت دینے کی ضرورت ہے جس میں انہوں نے سینیٹ میں حزب اختلاف کے بینچز پر نیا اتحاد بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 925153
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش