0
Sunday 4 Apr 2021 12:17

گیس نیٹ ورک بڑھایا تو قرضوں میں اضافہ ہوگا، عمران خان

گیس نیٹ ورک بڑھایا تو قرضوں میں اضافہ ہوگا، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں گیس کے ذخائر کم ہورہے ہیں، 27 فیصد پاکستانیوں کو گھر پر گیس فراہم کی جاتی ہے۔ عوام سے ٹیلی فون پر براہ راست گفتگو کے دوران ان کا کہنا ہے کہ گیس نیٹ ورک کو بڑھایا جائے تو اسے موجودہ قیمت پر دینا مشکل ہوگا کیونکہ ہم گیس مہنگی خرید کر سستے میں عوام کو فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گیس نیٹ ورک کو بڑھانے سے گیس کے قرضوں میں بھی اضافہ ہو گا۔ تعلیم کے معیار کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ انسان کو جتنی بہتر تعلیم دی جائے وہ اتنا اوپر جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمارتیں بنانے سے تعلیمی اداروں کا قیام نہیں ہوتا، وہاں پڑھانے والے اچھے ہوں تو تعلیم کا معیار بہتر ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اپنے نظریے کے مطابق ہائیر ایجوکیشن کمیشن کا نیا سربراہ لا رہے ہیں اور اس ادارے میں بڑی تبدیلیاں کر رہے ہیں۔ مہنگائی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب وزیر اعظم نے کہا کہ کئی چیزیں ایسی ہیں جو ہم انتظامی امور کے ذریعے حل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مہنگائی کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ کسان کی پیداواری قیمت اور مارکیٹ میں قیمت کے درمیان بڑا فرق ہے، اس کا ہم توڑ لائے ہیں اس کے ذریعے کسان بھی زیادہ کما سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک تیسری وجہ یہ بھی ہے کہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی ہے، گزشتہ 2 سالوں میں روپے کی قدر میں واضح کمی آئی تھی جس کے اثرات بجلی کی صنعت، ٹرانسپورٹ اور درآمدی اشیا پر پڑا ہے۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم نے بتایا کہ یہاں مافیا سٹہ کھیلتے ہیں، ذخیرہ اندوزی کرتے ہیں، پہلی مرتبہ پاکستان ان پر ہاتھ ڈال رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی وجوہات پر گزشتہ ایک سال سے کام کیا جا رہا ہے اور ہم اس پر قابو پا کر دکھائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 925156
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش