QR CodeQR Code

لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی دھرنا

4 Apr 2021 15:27

مقررین کا کہنا تھا کہ ہمارے جوانوں کو رات کے اندھیرے میں چادر و چاردیواری کا تقدس پامال کرکے اغواء کر لیا جاتا ہے، اگر یہ نوجوان کسی جرم میں ملوث ہیں تو عدالتیں موجود ہیں، انہیں عدالتوں میں پیش کیا جائے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ہم ماورائے قانون ایسے تمام اقدامات کی مذمت کرتے ہیں اور صدر پاکستان، وزیراعظم پاکستان، آرمی چیف اور چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ تمام لاپتہ افراد کو فوری رہا کیا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ شیعہ مسنگ پرسن کمیٹی کی کال پر لاہور پریس کلب کے باہر لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے احتجاجی دھرنا جاری ہے۔ دھرنے کے شرکاء نے نماز ظہرین پریس کلب کے سامنے ادا کی اور نماز کے بعد دھرنے میں بیٹھ گئے۔ دھرنے میں خواتین اور بچوں کی ایک بڑی تعداد بھی موجود ہے۔ دھرنے کے شرکاء لاپتہ شیعہ افراد کی بازیابی کیلئے نعرے بازی کر رہے ہیں۔ اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ شیعہ محبِ وطن قوم ہے، ہم پاکستان بنانے والے ہیں اور ہم نے ہی پاکستان کو بچایا بھی ہے، لیکن اسی پاکستان میں ہمارے ساتھ امتیازی سلوک بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ہمارے جوانوں کو رات کے اندھیرے میں چادر و چاردیواری کا تقدس پامال کرکے اغواء کر لیا جاتا ہے، اگر یہ نوجوان کسی جرم میں ملوث ہیں تو عدالتیں موجود ہیں، انہیں عدالتوں میں پیش کیا جائے۔
 
مقررین کا کہنا تھا کہ ہم ماورائے قانون ایسے تمام اقدامات کی مذمت کرتے ہیں اور صدر پاکستان، وزیراعظم پاکستان، آرمی چیف اور چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ تمام لاپتہ افراد کو فوری رہا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حب الوطنی کا امتحان نہ لیا جائے، ہم نے سو سو لاشوں پر کھڑے ہو کر بھی امن کی بات کی ہے، جبکہ اے پی ایس پشاور، جی ایچ کیو، مہران بیس سمیت دیگر حساس مقامات کو نشانہ بنانے والے دہشت گردوں کے سرپرست آج بھی دندناتے پھر رہے ہیں۔ اس موقع پر لبیک یاحسینؑ کی صدائیں بھی بلند کی جاتی رہیں۔


خبر کا کوڈ: 925188

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/925188/لاپتہ-افراد-کی-بازیابی-کیلئے-لاہور-پریس-کلب-کے-باہر-احتجاجی-دھرنا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org