QR CodeQR Code

کورونا سے نمٹنے کیلئے عوامی تحریک ضروری ہے، نریندر مودی

4 Apr 2021 21:54

بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ متاثرہ افراد کے لئے اسپتالوں میں مناسب بستروں، جانچ کی سہولیات اور علاج معالجے کی سہولیات کو یقینی بنایا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک میں ایک بار پھر خوفناک شکل اختیار کر رہی کورونا وباء کے خلاف مہم میں کامیابی کے لئے عوامی شرکت داری اور عوامی تحریک کو جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ نریندر مودی نے آج ایک ویڈیو کانفرنس کے ذریعے اعلی سطحی میٹنگ میں کووڈ 19 کے پھیلاؤ میں تیزی آنے سے پیدا شدہ صورتحال اور ملک میں چلائے جا رہے کورونا ٹیکہ کاری کے پروگرام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کی کامیابی کے لئے لوگوں کو بیدار کر کے عوامی تحریک میں شامل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ، کنٹیکٹ ٹریسنگ، کووڈ پروٹوکول اور کورونا ٹیکہ کاری کے پانچ نکاتی حکمت عملی پر سنجیدگی اور سختی سے عمل درآمد کرنے کی ضرورت ہے۔

بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ متاثرہ افراد کے لئے اسپتالوں میں مناسب بستروں، جانچ کی سہولیات اور علاج معالجے کی سہولیات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے سب سے زیادہ متاثرہ مہاراشٹر، پنجاب اور چھتیس گڑھ میں ماہرین کی ایک مرکزی ٹیم بھیجنے کی ہدایت دی ہے۔ اس موقع پر ایک پریزنٹیشن میں بتایا گیا کہ دس ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں صورتحال بدتر ہے۔ میٹنگ میں مودی کے پرنسپل سکریٹری، مرکزی ہوم سکریٹری، ٹیکہ کاری سے متعلق بااختیار کمیٹی کے چیئرمین، سکریٹری صحت سکریٹری اور دیگر سینئر عہدیداروں نے شرکت کی۔


خبر کا کوڈ: 925204

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/925204/کورونا-سے-نمٹنے-کیلئے-عوامی-تحریک-ضروری-ہے-نریندر-مودی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org