QR CodeQR Code

سندھ سرکار کا بڑا فیصلہ، تمام سرکاری و نجی اسکولز 15 روز کے لئے بند

5 Apr 2021 17:07

اپنی ٹوئیٹ میں صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ محکمہ تعلیم سندھ نے فیصلہ کورونا کی صورتحال کے پیش نظر کیا، تاہم بچوں کی تعلیم کو آن لائن، ہوم ورک ودیگر ذرائع سے جاری رکھا جاسکتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کورونا وباء کی تیسری لہر سے ممکنہ بچاؤ کے لئے اہم اعلان کردیا ہے۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ٹوئیٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا تھا کہ منگل کے روز این سی او سی کا خصوصی اجلاس ہوگا، جس میں صحت اور تعلیم کے وزرا شرکت کریں گے، اہم اجلاس میں ملک بھر میں تعلیمی ادارے بند یا کھلے رکھنے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر شفقت محمود کے ٹوئیٹ کے بعد صوبائی وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے سندھ کے تمام سرکاری و نجی اسکولز پندرہ روز کیلئے بند کرنے کا اعلان کردیا ہے، انہوں نے بھی اس کا اعلان بذریعہ ٹوئیٹر کیا۔ سعید غنی نے اپنے ٹوئیٹ میں کہا کہ پہلی تا آٹھویں جماعت کو چھ اپریل سے پندرہ روز تک بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

صوبائی وزیر تعلیم نے اپنے ٹوئیٹ میں کہا کہ محکمہ تعلیم سندھ نے فیصلہ کورونا کی صورتحال کے پیش نظر کیا، تاہم بچوں کی تعلیم کو آن لائن، ہوم ورک ودیگر ذرائع سے جاری رکھا جاسکتا ہے۔ اس سے قبل وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا تھا کہ این سی او سی میں جو بھی فیصلہ کیا جائے گا وہ متفقہ ہوگا۔ یاد رہے کہ کورونا کے پیش نظر 24 مارچ کو وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے پنجاب، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کے مخصوص علاقوں میں تعلیمی ادارے 11 اپریل تک بند رکھنے کا اعلان کیا تھا، انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ آئندہ ہونے والے بورڈز کے امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے۔


خبر کا کوڈ: 925369

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/925369/سندھ-سرکار-کا-بڑا-فیصلہ-تمام-سرکاری-نجی-اسکولز-15-روز-کے-لئے-بند

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org