QR CodeQR Code

شیعہ علماء کونسل نے متنازع یکساں تعلیمی نصاب پر تحفظات کا اظہار کر دیا

5 Apr 2021 18:52

ایس یو سی پنجاب کے صدر علامہ سبطین حیدر سبزواری کا کہنا تھا کہ ایسا نصاب تعلیم جس میں شیعہ نقطہ نظر کو تسلیم نہیں کیا اسے مسترد کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ تمام مکاتب فکر کے مشترکات کو متفقہ طور پر نصاب میں شامل کیا جائے اور ایسی کمیٹی بنائی جائے جس میں اہل تشیع کے مقتدر اور ذمہ دار علماء شامل ہوں۔


اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل شمالی پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے یکساں نصاب کے نام پر حکومتی من مانی سے متنازع سلیبس مسلط کرنے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے متنبہ کیا ہے کہ تعصب، مذہبی منافرت اور فرقہ واریت کو ہوا دینے کیلئے انتہائی خطرناک کھلواڑ کیا جا رہا ہے، مکتب تشیع کو یکساں نصاب کے نام پر تیار کی گئی کتب پر شدید تحفظات ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ متفقہ طور پر یکساں نصاب نافذ کیا جائے، جو کتابیں چھاپی جا رہی ہیں وہ اسلام کی صحیح عکاسی اور ترجمانی نہیں کر رہیں، متنازع کتب کو قوم پر مسلط کیا گیا تو تسلیم نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ واریت سے پہلے بھی بہت نقصان ہو چکا، یک طرفہ اور متنازع نصاب سے ملکی سلامتی اور استحکام کو شدید نقصان ہونے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسا نصاب تعلیم جس میں شیعہ نقطہ نظر کو تسلیم نہیں کیا اسے مسترد کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ تمام مکاتب فکر کے مشترکات کو متفقہ طور پر نصاب میں شامل کیا جائے اور ایسی کمیٹی بنائی جائے جس میں اہل تشیع کے مقتدر اور ذمہ دار علماء شامل ہوں۔ صوبائی کابینہ کے مشاورتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ 23 مارچ کو وفاق المدارس الشیعہ کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں بھی مکتب اہلبیتؑ کی سفارشات کو نظر انداز کرکے تیار کی جانیوالی نصابی کتب پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور واضح کیا گیا کہ تعلیمی اداروں میں رائج کی جانیوالی متنازع کتابیں ناقابل قبول ہیں اور تشویشناک حالت یہ ہے کہ اتفاق رائے پیدا کیے بغیر کتابیں چھاپی جا رہی ہیں، قابل مذمت رویہ قبول نہیں۔


خبر کا کوڈ: 925377

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/925377/شیعہ-علماء-کونسل-نے-متنازع-یکساں-تعلیمی-نصاب-پر-تحفظات-کا-اظہار-کر-دیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org