0
Wednesday 5 Aug 2009 10:19

آمریت کی باقیات کو جمہوریت ہضم نہیں ہو رہی،ہر سازش ناکام بنا دینگے،صدر،وزیر اعظم،میرا جینا مرنا عوام کیساتھ ہے،بلاول بھٹو

آمریت کی باقیات کو جمہوریت ہضم نہیں ہو رہی،ہر سازش ناکام بنا دینگے،صدر،وزیر اعظم،میرا جینا مرنا عوام کیساتھ ہے،بلاول بھٹو
اسلام آباد:صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی جمہوریت کے ذریعے اقتدار میں آئی،آمریت کی باقیات کو یہ ہضم نہیں ہو رہا ہے،پاکستان کو کبھی ناکام ریاست نہیں بننے دیا جائے گا جبکہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ والدہ اور نانا کی طرح کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔ یہاں ایوان صدر میں پارٹی عہدیداروں کے ملک گیر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ پارٹی کے خلاف مذموم پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے،پاکستان کو کبھی ناکام ریاست نہیں بننے دیا جائے گا۔ بے نظیر بھٹو کی شہادت پاکستان اور عالم اسلام کے خلاف سازش تھی، پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین نے کنونشن سے خطاب میں کہا کہ وہ مالاکنڈ کے عوام کو بھی ملک کے دوسرے حصوں کے عوام کے مساوی سہولتوں کی فراہمی دیکھنے کے خواہش مند ہیں ۔ پیپلز پارٹی کے قومی،صوبائی،ضلعی اور تحصیل سطح کے ذمہ داران کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے صدر آصف علی زر داری نے یقین دہانی کرائی کہ پیپلز پارٹی کی حکومت ملک میں اداروں کی مضبوطی،عدلیہ کی آزادی اور بلوچستان کے مسائل کے حل کے ذریعے ملک کے مستقبل کو محفوظ بنائے گی ۔کنونشن میں وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی،پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری اور ان کی بہن آصفہ بھٹو زرداری نے بھی شرکت کی۔ صدر آصف علی زر داری نے کہا کہ چند شر پسند عناصر پاکستان کے عوام پر اپنی رائے مسلط کر نا چاہتے ہیں لیکن پیپلز پارٹی انہیں ملک کو ناکام ریاست بنانے کی اجازت نہیں دے گی ۔ موجودہ حکومت سوات میں شر پسندوں کے خلاف کامیاب ہو چکی ہے انہوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت مسلم دنیا،پاکستان،غریبوں اور اس خطے کے خلاف ایک سازش تھی۔پارلیمنٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیوں سے متفقہ طور پر قراردادوں کی منظوری کے بعد حکومت نے بے نظیر بھٹو کی شہادت کی تحقیقات کے لئے اقوام متحدہ سے رابطہ کیا ہے تا کہ حقائق سامنے آ سکیں ۔ اس سے قبل کئی قومی رہنماؤں کو قتل کیا گیا لیکن کسی نے اقوام متحدہ سے رابطہ نہیں کیا صدر مملکت نے کہا کہ پیپلز پارٹی نظام کی تبدیلی کے ذریعے محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کا بدلہ لے گی،یہی ہمارے لیڈر کا راستہ ہے۔ملک کی موجودہ قیادت نے بہت سی قربانیاں دی ہیں اور ملک میں جمہوریت کی بحالی کے لئے پیپلز پارٹی کے کارکنان کی قربانیاں کبھی نہیں بھلائی جا سکتیں، ہم ملک کی حفاظت کے لئے آئندہ بھی قربانیوں کا یہ سلسلہ جاری رکھیں گے۔ پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین نے کہا کہ گورنمنٹ عوام سے کیا گیا روٹی،کپڑا اور مکان کا وعدہ پورا کرے گی۔ یہی ہماری حکومت کا نظریہ ہے۔جس کے تحت گذشتہ 8 سالوں میں نوکریوں سے نکالے گئے ملازمین کو بحال کیا گیا ہے۔ آج کے اس کنونشن کا مقصد نوجوان کارکنان کا نوجوان قیادت کے ساتھ رابطہ بحال کرنا ہے تا کہ وہ مل کر عوام کی خدمت کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کہ گوجرہ کا واقعہ قابل مذمت ہے۔ صدر اور وزیر اعظم کے درمیان اختلافات کی افواہیں پھیلانے والے بالآخر ناکام ہوں گے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور اس کی اتحادی جماعتیں مل کر عوام کی حمایت سے ملک کو در پیش چیلنجز کا مقابلہ کریں گی۔ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لئے موثر اور نتیجہ خیز اقدامات کیے جا رہے ہیں حکومت نے دہشت گردی کی کمر توڑ دی ہے اور مالاکنڈ،سوات اور بونیر سے دہشت گردوں کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔ اب انہیں پاکستان سے باہر نکال دیا جائے گا۔ یہاں ملک دشمنوں کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آئین،پارلیمنٹ،قانون کی بالادستی اور عدلیہ و میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے۔ہم ایسی خارجہ پالیسی پر چل رہے ہیں جو ہماری خود مختاری کو تحفظ دیتی ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ لوگوں کو مہنگائی،بے روز گاری،لوڈشیڈنگ اور امن و امان جیسے مسائل کا سامنا ہے لیکن حکومت عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ گوجرہ کا واقعہ اور کراچی سمیت ملک کے دوسرے شہروں میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات موجودہ منتخب حکومت کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی سازش کا حصہ ہیں لیکن حکومت اسے عوام کی حمایت سے ناکام بنا دے گی۔حکومت تمام شہریوں کی جان و مال کی حفاظت بغیر کسی تفریق کے کرے گی اور کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دے گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پارٹی کے کارکنان نے جمہوریت کے لئے بہت قربانیاں دی ہیں۔ اور اب پارٹی کے دستور کے مطابق ان کو عزت و وقار دینے کا وقت ہے انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے مشن کو پورا کریں گے اور پاکستان کے عوام کے ساتھ ہی جیئیں اور مریں گے ۔پاکستان پیپلز پارٹی ملک کو مسلم دنیا سمیت پوری دنیا میں نمونہ بنائے گی۔اس موقع پر بے نظیر بھٹو کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری نے پارٹی کارکنان کو آمریت کے خلاف قربانیاں دینے پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی قربانیوں کی وجہ سے آج عوامی صدر اور وزیر اعظم موجود ہیں۔اس موقع پر پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سینیٹر جہانگیر بدر ،ڈپٹی سیکرٹری جنرل رضا ربانی،سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز،راجہ پرویز اشرف،پیپلز پارٹی کی سیکرٹری اطلاعات فوزیہ وہاب نے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس کے شرکاء نے اس موقع پر پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری،شریک چیئر مین آصف علی زرداری اور وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی پر بھرپور اعتماد کی متفقہ قرارداد منظور کی۔ انہوں نے معاشی اور سماجی انصاف،امن و امان کی بحالی،آئین کی بالادستی اور غربت کے خاتمے کے لئے جدوجہد جاری رکھنے کا عزم کیا۔اس موقع پر بے نظیر بھٹو کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔


خبر کا کوڈ : 9254
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش