0
Monday 5 Apr 2021 22:37

گلگت، کنٹریکٹ ریگولرائزیشن ایکٹ میں جعل سازی کی تحقیقات کیلئے کمیٹی قائم

گلگت، کنٹریکٹ ریگولرائزیشن ایکٹ میں جعل سازی کی تحقیقات کیلئے کمیٹی قائم
اسلام ٹائمز۔ عارضی ملازمین کو مستقل کرنے کے بل میں جعل سازی کی چھان بین کیلئے کمیٹی بنا دی گئی۔ پیر کے روز گلگت بلتستان اسمبلی میں پری بجٹ سیشن کے دوران ڈپٹی اسپیکر نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اس بل میں ہر محکمے نے جعل سازی کی ہے، چھ سال سے ملازمت کرنے والوں کو نکال کر چند ماہ والوں کو شامل کر دیا گیا ہے، اس پر جب تک مکمل سکروٹنی نہیں ہوتی تب تک ایکٹ پر عمل نہیں ہو سکتا۔ ایوان اس کمیٹی کے ذریعے سکروٹنی کو یقینی بنائے گا۔ چار رکنی کمیٹی میں دو اپوزیشن جبکہ دو حکومتی بنچوں کے ممبران ہونگے۔ اس سے پہلے پیپلزپارٹی کے رکن اسمبلی انجینئر اسماعیل نے کہا کہ کنٹریکٹ ایکٹ میں خامیاں موجود ہیں، اس خامیوں کو دور کرنے کیلئے باقاعدہ رولنگ آنی چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ ایک اہم مسئلہ یہ ہے کہ محکمہ صحت میں 2010ء سے 2016ء تک نرسنگ اسسٹنٹ کنٹریکٹ پر کام کر رہے تھے۔ 2016ء کے بعد ان کے کنٹریکٹ میں توسیع نہیں ہوئی اور یہ لوگ اس بل میں شامل ہونے سے رہ گئے۔ اسی طرح دیگر محکموں میں بھی یہی صورتحال ہے۔ عوام کی نظریں اس اسمبلی پر ہیں، ہمیں اس معاملے کو حل کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا 7 سو سیپ اساتذہ کو ایڈجسٹ کیا گیا ہے، سات سو مزید باقی رہتے ہیں، ان کو کس طرح ایڈجسٹ کرنا ہے ایوان کو یہ بھی دیکھنا ہوگا۔ جس پر مشیر قانون سہیل عباس شاہ نے کہا کہ ریگولرائزیشن ایکٹ عجلت میں بنایا گیا۔ حکومت اس میں موجود خامیوں کو دیکھ رہی ہے، کابینہ نے محکموں سے جلد سے جلد ڈیٹا طلب کیا ہے۔

مشیر قانون نے کہا کہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ وہ ڈیٹا ( فگرز) ہوائی نہ ہو، کیونکہ اس وقت یہ بات سامنے آئی تھی کہ کچھ لوگوں کے نام لسٹ میں تو شامل ہیں لیکن اپنی جگہوں پر موجود نہیں۔ یہ بھی دیکھ رہے ہیں کہ کہیں کسی ملازم کا بائیو میٹرک ہونے سے رہ تو نہیں گیا، یا بائیو میٹرک کروانے کے بعد کسی اور جگہ چلا گیا۔ جس پر ڈپٹی اسپیکر نے ریمارکس دیئے کہ اس سارے معاملے کی نگرانی کیلئے ایوان کی ایک اور کمیٹی بنا رہا ہوں تاکہ معاملہ شفاف ہو۔ اس معاملے کو سیریس لینے کی ضرورت ہے اور جب تک یہ ہاﺅس مطمئن نہیں ہوتا کسی کو بھی ریگولر نہیں کیا جائے گا۔ اتنی بدانتظامی اور تماشا کہیں نہیں ہوا۔
خبر کا کوڈ : 925453
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش