QR CodeQR Code

جنوبی پنجاب جلد ہی مکمل اختیارات کیساتھ فنگشنل ہوگا

وزیراعلی عثمان بزدار سے شاہ محمود قریشی کی ملاقات، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ رول بیک نہیں ہوگا، شاہ محمود قریشی 

6 Apr 2021 00:35

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے ایشو پر وزیراعلی پنجاب کا فوری ایکشن قابل تحسین ہیں، وزیراعلی عثمان بزدار نے بروقت ایکشن کر کے پراپیگنڈے اور افواہوں کا خاتمہ کردیا، ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے لوگوں کے محرومیوں کے ازالے کا دور شروع ہوچکا ہے، کسی کو جنوبی پنجاب کے بارے میں افواہیں پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے آج وزیراعلیٰ آفس میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ملاقات کی، ملاقات میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ، ترقیاتی منصوبوں اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کو جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے متعلق امور اور اقدامات سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو یقین دہانی کروائی کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ رول بیک نہیں ہوگا اور جلد مکمل اختیارات کے ساتھ فنگشنل ہوگا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں ریکارڈ ترقی کرے گا۔ سکولوں کی اپ گریڈیشن میں جنوبی پنجاب کو 38 فیصد حصہ دیا گیا ہے۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ ختم کرنے کا پراپیگنڈہ شکست خوردہ عناصر پھیلا رہے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کو جنوبی پنجاب میں عوام نے فیصلہ کن برتری سے نوازا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی جنوبی پنجاب سمیت تمام پسماندہ علاقوں کی محرومیوں کا ازالہ کرے گی۔جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کا اعزاز بھی پاکستان تحریک انصاف کو ہی حاصل ہوگا، جنوبی پنجاب کے سیکرٹریز کو بااختیار کررہے ہیں تاکہ عوام کو لاہور نہ آنا پڑے، باقاعدگی سے ہر ماہ ملتان جاکر ترقیاتی منصوبوں اور دیگر امور کا جائزہ لوں گا۔ کابینہ اجلاس بھی ملتان میں ہوگا، صوبائی وزراء بھی ایک ایک روز جنوبی پنجاب میں بیٹھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی 70سالہ محرومیوں کا ازالہ کرنا چاہتے ہیں، جنوبی پنجاب کے نوجوانوں کیلئے ملازمتوں کا کوٹہ مخصوص کرنے کیلئے قانون سازی کی جارہی ہے۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے ایشو پر وزیراعلیٰ پنجاب کا فوری ایکشن قابل تحسین ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بروقت ایکشن کر کے پراپیگنڈے اور افواہوں کا خاتمہ کردیا۔ ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے لوگوں کے محرومیوں کے ازالے کا دور شروع ہوچکا ہے۔ کسی کو جنوبی پنجاب کے بارے میں افواہیں پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ ایم این اے زین قریشی نے کہا کہ ترقی اورخوشحالی لانے کی تگ ودو میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے ساتھ ہیں۔ صوبائی وزیر ڈاکٹر اخترملک نے کہا کہ جنوبی پنجاب اور بالخصوص ملتان کی ترقی کے لئے کاوشیں کرنے پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے مشکور ہیں۔ ایم این اے مخدوم زین قریشی اور صوبائی وزیر ڈاکٹرمحمد اخترملک اور متعلقہ حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔


خبر کا کوڈ: 925481

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/925481/وزیراعلی-عثمان-بزدار-سے-شاہ-محمود-قریشی-کی-ملاقات-جنوبی-پنجاب-سیکرٹریٹ-رول-بیک-نہیں-ہوگا-قریشی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org