0
Monday 5 Apr 2021 23:45

ایران چین معاہدہ امریکہ کیلئے چیلنج اور پاک ایران تعلقات کیلئے خوش آئند ہے، سینیٹر مشاہد حسین

ایران چین معاہدہ امریکہ کیلئے چیلنج اور پاک ایران تعلقات کیلئے خوش آئند ہے، سینیٹر مشاہد حسین
اسلام ٹائمز۔ سینیٹ آف پاکستان کی خارجہ امور کی کمیٹی کے سربراہ سینیٹر مشاہد حسین سید نے ایران اور چین کے درمیان تعاون کے پچیس سالہ سمجھوتے کو امریکہ کے لئے چیلنج اور پاکستان ایران تعلقات کے لیے خوش آئند قرار دیا ہے۔ سحر اردو ٹی وی کے پروگرام منظر و پس منظر میں میزبان ڈاکٹر راشد نقوی سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر مشاہد حسین سید کا کہنا تھا کہ دنیا کے حالات بڑی تیزی کے ساتھ بدل رہے ہیں اور طاقت کا توازن مغرب سے مشرق کی جانب تبدیل ہو رہا ہے۔ پاکستانی سینیٹ میں خارجہ امور کی کمیٹی کے چئیرمین مشاہد حسین سید نے ایران اور چین کے درمیان سمجھوتے کو خطے کے لیے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں یعنی چین و ایران کے ساتھ پاکستان کے تعلقات انتہائی قریبی اور دیرینہ ہیں اور اسلام آباد کو تہران بیجنگ تعاون پر خوشی محسوس ہو رہی ہے۔

چین کے ون روڈ بیلٹ پروگرام کے مقابلے میں امریکہ کی جانب سے کسی بھی منصوبے کے امکان کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں سینیٹر مشاہد حسین سید کا کہنا تھا کہ امریکہ کے پاس نہ تو چین جیسی قیادت اور وسائل ہیں اور نہ ہی عالمی حالات اس وقت امریکہ کے حق میں ہیں۔ انہوں نے ایران چین معاہدے کو سی پیک پلس قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے کے مثبت اثرات سے کوئی انکار نہیں کرسکتا۔ سینیٹر مشاہد حسین سید کا کہنا تھا کہ امریکہ اندرونی اور بیرونی دونوں سطح پر زوال کا شکار ہے اور بلاشبہ اکیسویں صدی ایشیاء کی صدی ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 925482
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش