0
Tuesday 6 Apr 2021 01:02
 اپنے اداروں کو آئی ایم ایف کے حوالے کرنا قابل افسوس ہے

پی ٹی آئی تبدیلی کے نعرے پر آئی اور خود تبدیل ہو گئی، سراج الحق 

پی ٹی آئی تبدیلی کے نعرے پر آئی اور خود تبدیل ہو گئی، سراج الحق 
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ عوام کا جینا مشکل لیکن وزیراعظم قوم کو نہ گھبرانے کی تسلیاں دے رہے ہیں، حکومت نے مہنگائی کم کرنے کے لیے کوئی سنجیدہ اقدامات نہیں کیے، پی ٹی آئی کی حکومت میں ملک مثبت تبدیلی کی بجائے مہنگائی کے سونامی کی زد میں ہے۔ حکومت کی نااہلی نے کرونا کی صورت حال میں لوگوں کو بالکل بے بس کر دیا ہے، ملک میں مافیاز اور وزراء کے علاوہ ہر کوئی پریشان ہے، مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے، رمضان کے قریب آتے ہی ذخیرہ اندوزوں نے عوام کا خون نچوڑنا شروع کر دیا ہے۔ ملک کو سو دن میں ٹھیک کرنے کے وعدے 1100 دنوں کے بعد بھی پورے نہیں ہوئے۔ جماعت اسلامی اللہ کا نظام چاہتی ہے اگر کوئی اس کے لیے تیار ہے تو ہم اسے خوش آمدید کہتے ہیں لیکن ریاست مدنیہ کا اعلان کرنے والوں نے آج تک درست سمت میں ایک قدم بھی نہیں اٹھایا۔ یہاں تو اعتراض نصاب میں شامل کسی دوسرے مضمون اور مواد کے بارے میں نہیں بلکہ صرف اسلام پڑھانے پر ہو رہا ہے۔ ہم اس کی مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر اس کا نوٹس لیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد میں سولنگی قبیلے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سراج الحق نے کہا کہ مہنگائی کی شرح میں اضافہ حکومت کی ناکام پالیسوں کا منہ بولتا ثبوت ہے، مہنگائی کی شرح میں ریکارڈ اضافے نے ایشیا کے تمام ممالک کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، چینی 110 روپے کلو فروخت کی جارہی ہے، آٹے کی قیمت میں ہوشربا اضافے نے عوام کو دن میں تارے دکھا دئیے ہیں۔ دالوں کی قیمت آسمان کو چھو رہی ہے، ایسے لگتا ہے کہ رمضان سے قبل مہنگائی کا طوفان آگیا ہے۔ حکومت کی جانب سے یوٹیلٹی سٹوز پر مہنگی چیزیں دیکھنے کو مل رہی ہے جو عوام کی پہنچ سے دور ہیں۔ اگر مہنگائی کے جن پر قابو نہ کیا گیا تو یہ حکومت کو کھا جائے گا۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ اپنے اداروں کو آئی ایم ایف کے حوالے کرنا قابل افسوس ہے۔ سٹیٹ بینک آرڈ نینس میں ترمیم کی سازش کو ناکام بنانے کے لیے ہم نے 8 اپریل کواسلام آباد میں گول میز قومی کانفرنس بلائی ہے جس میں سیاسی جماعتیں اور معاشی ماہرین شریک ہوں گے۔ اگر حکومت نے فیصلہ واپس نہ لیا تو گو آئی ایم ایف گو تحریک کا آغاز کریں گے۔ گیارہ سو دنوں میں موجودہ حکومت اسلامی نظام کو نافذ کرنے کے لیے اقدامات کرتی تو پوری قوم اس کا ساتھ دیتی، لیکن افسوس کہ موجودہ حکومت بھی سابقہ حکومتوں کا ایک تسلسل ہے۔ پی ٹی آئی تبدیلی کے نعرے پر آئی اور خود تبدیل ہو گئی، عوام وزراء کی تبدیلی نہیں نظام کی تبدیلی چاہتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 925483
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش