0
Wednesday 17 Aug 2011 17:01

گلگت بلتستان میں 19 ہزار نادہندگان کے 1 ارب سے زائد زرعی قرضے معاف، رپورٹ

گلگت بلتستان میں 19 ہزار نادہندگان کے 1 ارب سے زائد زرعی قرضے معاف، رپورٹ
گلگت:اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان کے کاشتکاروں کے چھوٹے قرضوں کی معافی کے صدر پرویز مشرف کے اعلان پر چار برس بعد عمل درآمد کیا گیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری کی طرف سے زرعی بینک کے واجب الادا چھوٹے قرضوں کی معافی کیلئے نوٹیفکیشن زرعی بینک کے حکام کو موصول ہو گیا ہے۔ صدر مشرف کے اعلان پر عملدرآمد کیلئے وزیراعلٰی گلگت بلتستان سید مہدی شاہ اور سپیکر جی بی اسمبلی وزیر بیگ کی کوششیں رنگ لے آئیں۔ واضح رہے کہ 30 ستمبر 2007ء کو اس وقت کے صدر جنرل پرویز مشرف نے اپنے دورہ گلگت بلتستان کے موقع پر گلگت بلتستان کے چھوٹے کاشتکاروں کے لئے 50 ہزار روپے فی کس تک کے قرضوں کی عام معافی کا اعلان کیا تھا لیکن بعد میں حکومت کی تبدیلی کے باعث اس اعلان پر عملدرآمد نہیں ہو سکا، جس کیخلاف مقامی کاشتکاروں نے احتجاجی تحریک شروع کرنے کے ساتھ ساتھ زرعی بینک کو قرضوں کی ادائیگی بھی روک دی تھی۔ 
وزیراعلٰی گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے طویل مذاکرات کے ذریعے گلگت بلتستان کے کاشتکاروں کو ریلیف دلا دی۔ زرعی بینک گلگت بلتستان کے ذرائع کے مطابق صدر مملکت کے اعلان پر عملدرآمد سے گلگت بلتستان کے 19 ہزار قرض نادہندگان کو فائدہ ہو گا، جن کے ذمے بینک کے تقریبا 62 کروڑ روپے واجب الادا تھے جبکہ سود سمیت یہ رقم ایک ارب روپے سے زائد بنتی تھی۔ صدر آصف زرداری کے فیصلے پر گلگت بلتستان کے چھوٹے کاشتکاروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ادھر بینک ذرائع کے مطابق اعلان سے مستفید ہونے والے کاشتکاروں کی فہرست تشکیل دینے کا کام فوری طور پر شروع کر دیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 92558
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش