QR CodeQR Code

سندھ، بلوچستان کی دہشت گرد تنظیموں کے درمیان رابطے کا انکشاف

6 Apr 2021 13:20

ذرائع کے مطابق انہوں نے کہا کہ انٹیلیجنس ایجنسیز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سکیورٹی اہلکاروں کو دونوں صوبوں کے دہشت گرد گروہوں کے درمیان روابط کے مختلف واقعات کی تفتیش کے دوران کافی ثبوت ملے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو نے کہا ہے کہ سندھ اور اس کے پڑوسی صوبے بلوچستان میں دہشت گرد تنظیموں نے حال ہی میں رابطے اور ہم آہنگی کو فروغ دیا ہے اور ایک غیر اعلانیہ معاہدے کے تحت وہ دونوں صوبوں میں مشترکہ طور پر سرگرمیاں انجام دے رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے کہا کہ انٹیلیجنس ایجنسیز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سکیورٹی اہلکاروں کو دونوں صوبوں کے دہشت گرد گروہوں کے درمیان روابط کے مختلف واقعات کی تفتیش کے دوران کافی ثبوت ملے ہیں۔ انہوں نے کراچی پریس کلب کے دورے کے موقع پر صحافیوں کو بتایا کہ 'اگر آپ بلوچستان کی مجموعی صورتحال دیکھیں تو یہ بڑی حد تک پر امن اور مستحکم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے اب بھی کچھ بے ترتیب اور الگ تھلگ واقعات کی اطلاع ملتی ہے تاہم اس طرح کی کارروائیوں کی تعداد میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تاہم حال ہی میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ (سندھ اور بلوچستان) دونوں صوبوں میں دہشت گرد گروہ اپنے مشترکہ ہدف کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ رابطے میں ہیں، انہوں نے چند کارروائیاں کی ہیں تاہم بڑی حد تک وہ ہماری خفیہ ایجنسیز اور سیکیورٹی فورسز کی وجہ سے ناکام رہے ہیں۔ ضیااللہ لانگو نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کو کامیابی کے ساتھ ناکام بنانے کے لیے حال ہی میں متعدد چھاپے اور کارروائیاں کیں جن کے نتیجے میں متعدد مشتبہ افراد کی گرفتاری عمل میں آئی۔ انہوں نے کہا کہ 'یہ ثابت کرنے کے بعد کہ اس طرح کے گروپس کے درمیان رابطہ ہے، سیکیورٹی فورسز نے اپنا آپریشن بڑھادیا ہے اور انہیں ایک بڑی کامیابی ملی ہے۔


خبر کا کوڈ: 925591

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/925591/سندھ-بلوچستان-کی-دہشت-گرد-تنظیموں-کے-درمیان-رابطے-کا-انکشاف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org