QR CodeQR Code

جی بی اسمبلی، اپوزیشن کو دکھائے بغیر ہی پانچ بلز سلیکٹ کمیٹی کے سپرد

6 Apr 2021 22:57

قائد حزب اختلاف امجد حسین ایڈووکیٹ نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ایجنڈے میں پانچ بلات کا ذکر ہے مگر ممبران کے فولڈر میں ایک بل کی بھی کاپی نہیں ہے۔ جب ہمارے پاس بل کی کاپی ہی نہیں تو ہمیں کیسے معلوم ہوگا کہ اس بل میں کیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر نے اپوزیشن ممبران کو دکھائے بغیر ہی پانچ بلز کو سلیکٹ کمیٹی کے سپرد کر دیا۔ جس پر اپوزیشن نے احتجاجاً سلیکٹ کمیٹی میں شامل ہونے سے انکار کر دیا۔ منگل کے روز جی بی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر نزیر احمد کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس کے دوران ڈپٹی سپیکر نے ایوان کو بتایا کہ پانچ بلات ہیں، انہیں سلیکٹ کمیٹی کے سپرد کرتے ہیں۔ جس پر قائد حزب اختلاف امجد حسین ایڈووکیٹ نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ایجنڈے میں پانچ بلات کا ذکر ہے مگر ممبران کے فولڈر میں ایک بل کی بھی کاپی نہیں ہے۔ جب ہمارے پاس بل کی کاپی ہی نہیں تو ہمیں کیسے معلوم ہوگا کہ اس بل میں کیا ہے، کیا حکومت اب بلز کو ممبران سے چھپا کر منظور کرانا چاہتی ہے۔ ایجنڈے کے ساتھ ہر ممبر کے فولڈر میں ان بلز  کی کاپی بھی ہونی چاہیے تاکہ ہر ممبر کو پتہ چل سکے کہ ان بلات میں کیا ہے۔

ڈپٹی سپیکر نزیر احمد نے کہا کہ یہ سابقہ حکومت کے بلز تھے جسے سابقہ حکومت نے اسمبلی سے منظور کرا کے منظوری کیلئے گورنر کے پاس بجھوایا تھا، گورنر نے اعتراض لگا کر واپس کیا ہے۔ ان بلوں پر نظرثانی کی ضرورت ہے، اس لیے پانچ رکنی سلیکٹ کمیٹی جس میں تین ممبران حکومت اور دو ممبران اپوزیشن سے ہونگے کے سپرد کرتے ہیں، کمیٹی نظرثانی کر کے بلز کو ایوان میں پیش کریگی۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ اپوزیشن کا کوئی ممبرر اس سلیکٹ کمیٹی میں شامل نہیں ہوگا۔ ڈپٹی سپیکر کے اصرار کے باﺅجود اپوزیشن نے سلیکٹ کمیٹی میں شامل ہونے سے انکار کیا جس پر ڈپٹی سپیکر نے ان بلات کو سلیکٹ کمیٹی کے سپرد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سلیکٹ کمیٹی کے ممبران کے ناموں کا نوٹیفکیشن بعد میں جاری کیا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 925696

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/925696/جی-بی-اسمبلی-اپوزیشن-کو-دکھائے-بغیر-ہی-پانچ-بلز-سلیکٹ-کمیٹی-کے-سپرد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org