0
Wednesday 7 Apr 2021 10:30

ہم تحریک انصاف سے انصاف مانگ رہے ہیں، جہانگیر ترین

ہم تحریک انصاف سے انصاف مانگ رہے ہیں، جہانگیر ترین
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف  کے سینیئر رہنما جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ میری وفاداری کا امتحان لیا جا رہا ہے اور ہم تحریک انصاف سے انصاف مانگ رہے ہیں۔ لاہور میں عدالت پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ مجھ پر بے بنیاد  الزامات عائد کیے جا رہے ہیں، مجھ پر ایک یا 2 نہیں 3،3 ایف آئی آر درج کی گئی ہیں، ایک سال سے انکوائری چل رہی ہے، میں خاموش بیٹھا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی 80 شوگر ملوں میں سے انہیں صرف جہانگیر ترین نظر آیا، میرے اور میرے بیٹے کے اکاؤنٹ منجمد کر دیئے گئے ہیں، اکاؤنٹ کیوں منجمد کیے، اس سے کیا فائدہ ہو رہا ہے اور یہ کون کر رہا ہے؟ جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ میں پوچھتا ہوں آخر یہ انتقامی کارروائی کیوں ہو رہی ہے، وجہ کیا ہے؟ کون لوگ ہیں جنھوں نے مجھے خان صاحب سے دور کر دیا ہے، مجھے دور کرنے سے پی ٹی آئی کو زیادہ فائدہ نہیں ہوگا، جو بھی یہ سب کر رہا ہے، وقت آگیا ہے انہیں بے نقاب کیا جائے۔
 
آصف زرداری سے ملنے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سے راہیں جدا نہیں ہوئیں، 10 سال سے پارٹی کا حصہ ہوں، میں تو دوست تھا، دشمنی کی طرف کیوں دھکیل رہے ہو۔ انہوں نے کہا کہ میری وفاداری کا امتحان لیا جا رہا ہے، ظلم بڑھتا جا رہا ہے، ہم تحریک انصاف سے انصاف مانگ رہے ہیں۔ دوسری جانب ایف آئی اے بینکنگ کورٹ نے جہانگیر ترین اور علی ترین کی ضمانت میں 10 اپریل تک توسیع کردی۔ عدالت پیشی کے دوران جہانگیر ترین اور علی ترین کے ہمراہ ارکان اسمبلی چودھری افتخار گوندل، اسلم بھروانہ، طاہر رندھاوا، امیر محمد خان، غلام بی بی بھروانہ، راجہ ریاض، نعمان لنگڑیال، زوار وڑائچ، نذیر بلوچ اور خرم لغاری بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 925751
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش