QR CodeQR Code

اپوزیشن کو قومی اسمبلی میں بحث کے لیے لامحدود وقت کی پیش کش

7 Apr 2021 10:29

ذرائع کے مطابق یہ پیش کش اسپیکر کی طرف سے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن صوابی سے خطاب کے دوران دی گئی۔


اسلام ٹائمز۔ اپوزیشن کی جانب سے انتخابی اصلاحات سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کے قیام کے لیے قومی اسمبلی میں قرارداد پیش کرنے کے حکومتی اقدام کو روکنے کے چار روز بعد اسپیکر اسمبلی اسد قیصر نے اہم قومی امور پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے اپوزیشن جماعتوں کو لامحدود ایام کے لیے ایوان میں بحث کرنے کی دعوت دے دی۔ ذرائع کے مطابق یہ پیش کش اسپیکر کی طرف سے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن (ڈی بی اے) صوابی سے خطاب کے دوران اور قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے اسلام آباد میں ایک روز قبل وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری سے ملاقات کے بعد جاری کردہ ایک بیان میں دی گئی۔ اسپیکر کی جانب سے یہ پیشکش صوابی میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی تقریب حلف برداری سے خطاب اور وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری سے اسلام آباد میں ملاقات کے بعد قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان میں کی گئی۔ ڈی بی اے سے خطاب کے دوران اسپیکر اسمبلی نے کہا کہ وہ اپوزیشن کو قومی معاملات پر لامحدود وقت کے لیے بحث و مباحثہ کرنے کی اجازت دینے کے لیے تیار ہیں جس میں انتخابی اصلاحات، عدالتی اصلاحات، بھارت سے تجارت اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش معاشرتی و معاشی مسائل کے حل کے لیے سیاسی اتفاق رائے کی ضرورت ہے، عوام کی فلاح و بہبود کا انحصار پارلیمنٹ میں عوامی نمائندوں کے اقدامات پر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اصلاحات لانے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے قومی اسمبلی ہی واحد فورم ہے۔ قبل ازیں فواد چودھری سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر اسمبلی نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان اتفاق رائے ضروری ہے خاص طور پر اسمبلی کے فلور پر تاکہ ملک کو معاشرتی اور اقتصادی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے قابل بنایا جاسکے۔


خبر کا کوڈ: 925752

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/925752/اپوزیشن-کو-قومی-اسمبلی-میں-بحث-کے-لیے-لامحدود-وقت-کی-پیش-کش

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org