0
Wednesday 7 Apr 2021 16:55

کراچی ضمنی انتخاب، اے این پی امیدوار مفتاح اسماعیل کے حق میں دستبردار

کراچی ضمنی انتخاب، اے این پی امیدوار مفتاح اسماعیل کے حق میں دستبردار
اسلام ٹائمز۔ حزبِ اختلاف کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ چھوڑنے والی عوامی نیشنل پارٹی نے کراچی میں مسلم لیگ نون کی حمایت کا اعلان کردیا۔ کراچی میں این اے 249 پر ہونے والے ضمنی انتخاب میں اے این پی نے مسلم لیگ کے رہنما و امیدوار مفتاح اسماعیل کی حمایت کا اعلان کردیا۔ اے این پی نے این اے 249 سے اورنگزیب بونیری کو کھڑا کیا تھا، تاہم مفتاح اسماعیل کے حق میں عوامی نیشنل پارٹی نے اپنے امیدوار کو دستبردار کرا دیا۔ اے این پی سندھ کے جنرل سیکریٹری یونس بونیری کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس حوالے سے کہنا ہے کہ اے این پی کے امیدوار حاجی اورنگزیب خان پارٹی فیصلے کے تحت مفتاح اسماعیل کے حق میں دستبردار ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم جمہوری لوگ ہیں، اپنے فیصلے کرنے میں آزاد ہیں، پی ڈی ایم کا حصہ نہیں رہے لیکن جمہوریت کیلئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ یونس بونیری نے یہ بھی کہا کہ صوبائی مشاورتی کونسل سے مشاورت کے بعد مفتاح اسماعیل کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔ مفتاح اسماعیل کے حق میں دستبردار ہونے والے حاجی اورنگزیب خان بونیری نے کہا کہ پارٹی فیصلوں کے پابند ہیں، امید ہے مسلم لیگ نون ضمنی انتخاب میں کامیاب ہوگی۔

نون لیگ کے امیدوار مفتاح اسماعیل نے کہا کہ اے این پی کا مسلم لیگ نون کے امیدوار کے حق میں دستبردار ہونے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اے این پی کی حمایت سے ہماری امیدوں میں جان پڑ جائے گی، نون لیگ کا امیدوار ہوں لیکن اے این پی کے ساتھ مل کر حلقے میں کام کرائیں گے۔ مفتاح اسماعیل کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حمایت سے متعلق کہا تھا کہ پارٹی سے مشورہ کرکے بتائیں گے، تاہم ان کا جواب نہیں آیا۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی کے شوکاز پر اے این پی نے گزشتہ روز پی ڈی ایم چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 925838
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش