1
Wednesday 7 Apr 2021 20:18

وزیراعظم اور آرمی چیف لاپتہ افراد کے معاملے کا نوٹس لیں، عارف حسین الجانی

وزیراعظم اور آرمی چیف لاپتہ افراد کے معاملے کا نوٹس لیں، عارف حسین الجانی
اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر عارف حسین کراچی میں لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے مرکزی دھرنا میں پہنچ گئے وہ آج رات دس بجے خصوصی خطاب کریں گے۔ مرکزی صدر نے کراچی روانگی سے قبل لاہور میں گفتکو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ملت تشیع کے لاپتہ نوجوانوں کی عدم بازیابی ان کے اہلخانہ اور قوم کیلئے شدید اضطراب کا باعث بنی ہوئی ہے، ہم نے ہر ادارے کے دروازے پر دستک دی ہماری شنوائی کے بجائے ہمارے نوجوانوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے، گزشتہ رات امت واحدہ کے سربراہ علامہ امین شہیدی کے فرزند مصطفیٰ شہیدی کو اغواء کیا اور بدترین تشدد کیا گیا، قانون نافذ کرنے والوں کے ایسے اقدامات ہماری ملت کے نوجوانوں کو دبا نہیں سکتے، بدقسمتی سے یہاں ظالم اور مظلوم کو ایک ہی لاٹھی سے ہانکا جا رہا ہے اس کے نتائج مثبت نہیں آئینگے  ایسے اقدامات ملکی سلامتی کے لئے زہر قاتل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم یہ پوچھنا چاہتے ہیں کہ یہ کہاں کا انصاف ہے، یہ کس قانون کی کتاب میں لکھا ہوا ہے کہ جس ادارے کا جی چاہے جس کو اٹھا کر لے جائے اور نہ عدالتوں میں پیش کیا جائے اور نہ ہی اہل خانہ کو ان کی خیریت سے آگاہ کیا جائے، یہ اختیارات کا ناجائز استعمال اور بنیادی انسانی حقوق کی شدید ترین خلاف ورزی ہے۔ مرکزی صدر کا مزید کہنا تھا کہ ملت کے افراد کی جبری گمشدگی کسی شیعہ تنظیم یا جماعت کا مسئلہ نہیں، بلکہ پوری ملت تشیع کا اجتماعی مسئلہ ہے، اس کے حل کیلئے تمام جماعتوں کو میدان عمل میں نکلنا چاہیے، لاپتہ شیعہ افراد کی بازیابی کے معاملے پر مزید خاموشی ملت کے مفادات کے برعکس سمجھی جائے گی

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے احتجاجی دھرنا شیعہ قوم کے جذبات کی ترجمان تحریک ہے، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے کارکن تمام لاپتہ افراد کی بازیابی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ اسیران کی رہائی تک گمشدہ افراد کے ورثا اور علماء کیساتھ کھڑے ہیں۔ مرکزی صدر نے وزیراعظم اور آرمی چیف سے لاپتہ شیعہ افراد کی بازیابی کیلئے خصوصی ہدایات جاری کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
خبر کا کوڈ : 925861
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش