0
Wednesday 7 Apr 2021 20:22

جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار شیعہ مسنگ پرسنز کا دھرنا مزار قائد کے سامنے چھٹے روز بھی جاری

جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار شیعہ مسنگ پرسنز کا دھرنا مزار قائد کے سامنے چھٹے روز بھی جاری
اسلام ٹائمز۔ ملت تشیع کے لاپتہ شیعہ افراد کی بازیابی کے لئے جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار شیعہ مسنگ پرسنز کا دھرنا مزار قائد کے سامنے چھٹے روز بھی جاری رہا۔ دھرنے میں ملت تشیع کی مختلف مذہبی و سیاسی جماعتیں شریک ہیں۔ شرکائے دھرنے سے اظہار یکجہتی کیلئے مسیحی برادری کے وفد کے ہمراہ چیئرمین پاکستان بشپ کونسل خادم بھٹو، پاکستان خاکسار تحریک کے نائب امیر پروفیسر ڈاکٹر حکیم سید نصر عسکری، پیر کفیل احمد سمیت دیگر کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار مسنگ پرسن کے رہنماؤں علامہ احمد اقبال رضوی، علامہ حیدر عباس عابدی، مولانا ڈاکٹر عقیل موسیٰ، مولانا فرخ عباس، علامہ مبشر حسن سے ملاقات کی اور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے جبری لاپتہ افراد کی بازیابی کا مطالبہ کیا۔

اس موقع پر شرکاء دھرنے سے خطاب میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی صدر عارف الجانی نے کہا ہے کہ کراچی کی شدید گرمی میں شیعہ لاپتا افراد کے اہل خانہ کا دھرنا چھٹے روز میں داخل ہو چکا ہے، بزرگ خواتین اور بچے اپنے پیاروں کی بازیابی کے لئے دادرسی کے منتظر ہیں، ریاست کو ماں کا کردار ادا کرتے ہوئے ان کے مطالبات جوکہ بالکل جائز اور آئینی ہیں تسلیم کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار شیعہ مسنگ پرسنز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ان کی ہر آواز پر لبیک کہا جائے گا، انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو بھی جبری گمشدگی کے واقعات پر نوٹس لینا چاہیئے۔

ان کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کے علمبردار مزار قائد کے سامنے دھرنے میں آکر ان ضعیف والدین کی حالت دیکھیں جن کی رو رو کر آنکھیں خشک ہوگئیں ہیں، لاپتہ افراد کے بچوں کی امیدہر روز اپنے والد اور اقرباء کے انتظار میں دم توڑ جاتی ہے، ان خاندانوں میں روزانہ جینے اور مرنے کا یہ کھیل کھیلنے کی اب سکت باقی نہیں رہی، ایک آزاد جمہوری ریاست کو یہ زیب نہیں دیتا کہ وہ اپنی باسیوں کو جبری گمشدگی کا شکار کرے۔ انہوں نے کہا لپ جبری لاپتا افراد اور ان کے اہل خانہ کے حق میں ہر سطح پر آواز بلند کی جائے گی، پاکستانی میڈیا سمیت عالمی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بھی رابطے میں ہیں تاکہ مظلومین کی آواز کو دنیا بھر میں پہنچایا جاسکے۔
خبر کا کوڈ : 925863
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش