QR CodeQR Code

ڈی پی او صوابی کی پریس کانفرنس

جج آفتاب آفریدی اور انکی فیملی کے قتل میں ملوث 2 افراد گرفتار

7 Apr 2021 22:53

ڈی پی او صوابی اور اسکی ٹیم نے سائنٹیفک طریقے سے تفتیش کرکے ایک ملزم عزیز خان عرف عزیزو ولد اسماعیل سکنہ ڈاگ کلے ورسک اور ملزم داؤد ولد مغل شاہ سکنہ ماشو بڈھ بیر کو گرفتار کرکے ان سے وقوعہ میں استعمال شدہ ایک گاڑی بھی قبضہ پولیس کی گئی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ ڈی پی او صوابی نے کہا ہے کہ جج آفتاب آفریدی اور ان کی فیملی کے قتل میں ملوث افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ صوابی میں پریس کانفرنس کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ  پولیس آفیسر صوابی محمد شعیب اور ایس پی انوسٹی گیشن بنارس خان نے بتایا کہ 4 اپریل 2021ء کو موٹر وے انبار انٹر چینج سے کچھ فاصلے پر ناخوشگوار واقعہ رونما ہوا، جس میں جج آفتاب آفریدی کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی، جس میں جج آفتاب آفریدی اور ان کے خاندان کے 4 افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے، جبکہ 02 افراد شدید زخمی ہوئے۔ مقتول جج صاحب کے بیٹے عبد الماجد نے وقوعہ کی نسبت 06 معلوم اور 4 نامعلوم افراد کے خلاف تھانہ لاہور میں درج کرائی۔ جس کے مطابق وجہ عناد سابقہ دشمنی بتائی گئی۔

اس کیس کی تفتیش کے سلسلے میں انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ثناء اللہ عباسی نے ریجنل پولیس آفیسر مردان کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی۔ ریجنل پولیس آفیسر مردان کی سربراہی میں ڈی پی او صوابی اور اس کی ٹیم نے سائنٹیفک طریقے سے تفتیش کرکے ایک ملزم عزیز خان عرف عزیزو ولد اسماعیل سکنہ ڈاگ کلے ورسک اور ملزم داؤد ولد مغل شاہ سکنہ ماشو بڈھ بیر کو گرفتار کرکے ان سے وقوعہ میں استعمال شدہ ایک گاڑی بھی قبضہ پولیس کی گئی ہے۔ ملزمان نے دوران تفتیش وقوعہ کے متعلق تمام حقائق اگل دیئے ہیں۔ سردست بقایا ملزمان کے نام صیغہ راز میں رکھے جا رہے ہیں اور ان کی گرفتاری کے لئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہماری ٹیمیں اسلام آباد خیبر و پشاور میں کام کر رہی ہیں۔


خبر کا کوڈ: 925898

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/925898/جج-ا-فتاب-ا-فریدی-اور-انکی-فیملی-کے-قتل-میں-ملوث-2-افراد-گرفتار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org