0
Thursday 8 Apr 2021 11:13

امریکا کا پاکستان اور بھارت پر براہ راست مذاکرات کیلئے زور

امریکا کا پاکستان اور بھارت پر براہ راست مذاکرات کیلئے زور
اسلام ٹائمز۔ امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان کے بھارت سے چینی اور کپاس درآمد کرنے کے فیصلے پر تبصرے سے انکار کیا، تاہم اس کا کہنا تھا کہ دونوں پڑوسی ممالک کو تعلقات معمول پر لانے کے لیے براہ راست مذاکرات کرنے چاہیے۔ذرائع کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے اس پیشرفت سے متعلق سوال پر کہا کہ میں خاص طور پر اس پر تبصرہ نہیں کرنا چاہوں گا، میں یہ کہوں گا کہ ہم پاکستان اور بھارت کے درمیان تشویش کے امور پر براہ راست مذاکرات کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ 31 مارچ کو اقتتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے اسلام آباد میں اعلان کیا تھا کہ وہ نجی شعبے کو بھارت سے 5 لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کی اجازت دے رہی ہے۔ کمیٹی نے جون سے بھارت سے کپاس درآمد کرنے کی تجویز بھی منظور کر لی تھی۔ تاہم یکم اپریل کو وفاقی کابینہ نے اس وقت تک بھارت سے تجارت کرنے کے ای سی سی کے فیصلے کو مؤخر کر دیا تھا جب تک نئی دہلی اپنے آئین کا آرٹیکل 370 بحال نہیں کرتا، جو مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی ضمانت دیتا ہے۔

محکمہ خارجہ کی بریفنگ میں نیڈ پرائس نے بائیڈن انتظامیہ کی اس خواہش پر بھی زور دیا کہ امریکا، افغانستان سے فوجی انخلا چاہتا ہے لیکن یہ نہیں بتایا کہ کیا واشنگٹن اس کے لیے یکم مئی کی ڈیڈ لائن پر عمل کرے گا یا نہیں۔ ٹرمپ انتظامیہ کے گزشتہ سال فروری میں طالبان کے ساتھ ہونے والے امن معاہدے کے مطابق واشنگٹن کو یکم مئی تک افغانستان سے فوجی انخلا مکمل کرنا ہے۔ بائیڈن انتظامیہ نے بھی اس معاہدے کو قبول کیا تھا لیکن وہ ڈیڈ لائن پر عملدرآمد میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ نیڈ پرائس نے کہا کہ ہم تنازع کے ذمہ دارانہ خاتمے کے لیے پرعزم ہیں جس میں ہماری فوج کا انخلا بھی شامل ہے لیکن یہ اس یقین دہانی کے بغیر نہیں ہوگا کہ افغانستان دوبارہ کبھی امریکا یا اس کے اتحادیوں کے خلاف دہشت گردوں کے حملوں کے لیے لانچ پیڈ نہیں بنے گا۔
خبر کا کوڈ : 925986
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش