0
Thursday 8 Apr 2021 18:30

حکومت ٹرسٹ و ادارہ جات کی رجسٹریشن کو آسان بنائے، محمد حسین محنتی

حکومت ٹرسٹ و ادارہ جات کی رجسٹریشن کو آسان بنائے، محمد حسین محنتی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے حکومتِ سندھ کی جانب سے ٹرسٹ و ادارہ جات کی رجسٹریشن منسوخی کی اخبارات کے ذریعے پبلک نوٹس اور منتظمین پر جرمانے و قید و بند کی دھمکیوں پر مشتمل اشتہار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اداروں کی رجسٹریشن کو کرپشن کا ذریعہ بنانے کی بجائے اسے آسان بنایا جائے۔ اپنے ایک بیان میں محمد حسین محنتی نے کہا کہ یہ ٹرسٹ و ادارے تعلیم و صحت کے میدان میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے بہترین خدمات سرانجام دے رہے ہیں، حکومت ان کی سرپرستی اور اپنے اداروں کی درستگی کی بجائے جو حقیقی معنیٰ میں عوام و ملک کی خدمت سرانجام دے رہے ہیں، ان کا ہی راستہ روک رہی ہے جو کہ قابل تشویش بات ہے۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومتِ سندھ اس حوالے سے جارحانہ اقدامات اور کرپشن کا بازار گرم کرنے کے بجائے مساجد، مدارس، رفاعی و فلاحی اداروں کی رجسٹریشن کے قوائد و ضوابط کو آسان بنائے۔ انہوں نے کہا کہ جو ادارے عوام کے تعاون سے چل رہے ہیں، ان کا بہتر استعمال اور آڈٹ بھی ہوتا ہے، مگر جو ادارے حکومت کے تحت چل رہے ہیں، سب سے ذیادہ کرپشن و بربادی انہی اداروں میں ہے، اس لئے حکومت سب سے پہلے اپنے گھر کو درست کرے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنے والے اداروں کو پریشان یا راستہ روکنے سے عوام کی خدمت کا کام متاثر ہوگا، حکومتِ سندھ ہوش کے ناخن لے، ایسے اقدامات سے گریز کرے کہ جس کی وجہ سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو۔
خبر کا کوڈ : 926050
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش