0
Thursday 8 Apr 2021 20:31

جب تک آخری شیعہ لاپتہ فرد کو بازیاب نہیں کرایا جاتا، احتجاج جاری رہیگا، علامہ احمد اقبال رضوی

جب تک آخری شیعہ لاپتہ فرد کو بازیاب نہیں کرایا جاتا، احتجاج جاری رہیگا، علامہ احمد اقبال رضوی
اسلام ٹائمز۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار شیعہ مسنگ پرسنز کے رہنماء علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا ہے کہ دھرنا ساتویں روز داخل ہوگیا ہے، ہماری یہ تحریک لاپتہ شیعہ عزاداروں کی بازیابی کیلئے ہے، جنہیں کئی سالوں سے ریاستی اداروں نے لاپتہ کیا ہوا ہے، ہماری یہ تحریک آئین کے آرٹیکل دس کی بحالی کیلئے ہے، اس کے مطابق اگر ریاست میں موجود کسی شخص کو گرفتار کیا جائے تو 24 گھنٹوں میں عدالتوں میں پیش کیا جائے، مگر افسوس کے ساتھ کئی سالوں سے ہماری یہ آئینی تحریک چل رہی ہے، ہماری مائیں بہنیں روڈوں پر آکر بیٹھتی ہیں، مگر افسوس کے ساتھ ملکی وزیراعظم، آرمی چیف، چیف جسٹس آف پاکستان ہماری باتوں پر کان نہیں دھرتے ہیں۔

کراچی میں مزار قائد کے باہر مسنگ پرسنز کی بازیابی کیلئے دیئے جانے والے دھرنے میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں علامہ احمد اقبال رضوی کا کہنا تھا کہ ملک میں مسنگ پرسنز کا مسئلہ بین الاقوامی سطح پر ملکی بدنامی کا باعث بن رہا ہے مگر حکومت کو اس کی کوئی پروا نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسنگ پرسنز کی بہت سی مائیں اپنے بچوں کے انتظار میں نابینا ہوگئی ہیں اور لاپتہ افراد میں سے بہت سے ایسے والدیں ہیں، جو اپنے پیاروں کی بازیابی کی راہ دیکھتے ہوئے اس دنیا سے چلے گئے ہیں، لیکن ریاست مدینہ کی بات کرنے والوں کو کوئی پرواہ نہیں، ہماری احتجاجی تحریک جاری ہے، جب تک آخری مسنگ پرسن کو بازیاب نہیں کرایا جاتا، یہ احتجاج جاری رہے گا، سرگودہا میں آج پھر ایک شیعہ نوجوان کو مسنگ کر دیا گیا ہے، جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔

کانفرنس سے خطاب میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی صدر عارف الجانی نے کہا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار شیعہ مسنگ پرسنز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، احتجاجی تحریک کے اگلے مرحلے میں شہر بھر کے تمام آئمہ جمعہ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ جمعہ کے خطبہ میں مسنگ پرسنز کے حوالے سے گفتگو کریں اور ان کی بازیابی کے حوالے سے دعائیں بھی کروائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بعد نماز جمعہ شہر قائد کی تمام جامع مساجد کے باہر احتجاج کیا جائے گا جبکہ مسنگ پرسنز کی بازیابی اور مزار قائد احتجاجی دھرنے کے شرکاء سے اظہار یکجہتی کیلئے 11 اپریل بروز اتوار ملک بھر میں مسنگ پرسنز کی بازیابی کیلئے بھر پور احتجاج کیا جائے گا۔

عارف الجانی نے کہا کہ ملک کے مختلف شہروں کی اہم شاہراوں پر علامتی احتجاجی دھرنے دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم شکر گزار ہیں تمام ماتمی انجمنوں کے، نوحہ خوانوں کے، عزاداروں کے، بالخصوص عالمی شہرت یافتہ منقبت و نعت خوانوں کا جو روزانہ رات میں شرکاء دھرنے سے اظہار یکجہتی کرنے آتے ہیں اور منقبت خوانی کی محفل کو روزانہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ کانفرنس میں مولانا حیدر عباس عابدی، مولانا ڈاکٹر عقیل موسیٰ، علامہ کامران عابدی، علامہ نثار قلندری، علامہ علی انور جعفری، علامہ مبشر حسن سمیت دیگر رہنماء موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 926068
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش